نئی دہلی//
وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان سب سے پرانی پارٹی کی ’بدعنوان‘ حکمرانی کے تحت کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا ہے۔
مودی نے کہا کہ کانگریس بدعنوان ہے۔ وہ مستقبل کے بارے میں نہیں سوچ سکتی۔ اس سال اپریل مئی میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات سے قبل وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کانگریس کے تحت ترقی کرنے میں ناکام رہا ہے۔
وزیر اعظم مودی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ’وکاس بھارت وکاست راجستھان‘پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔
کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعظم نے مزید کہا کہ آزادی کے بعد آج یہ سنہری دور آگیا ہے۔ ’’ہندوستان کے پاس یہ موقع ہے کہ وہ۱۰سال پہلے کی تمام مایوسیوں کو پیچھے چھوڑ دے۔ ہندوستان اب اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔۲۰۱۴سے پہلے صرف گھوٹالوں اور بم دھماکوں کی بات ہوتی تھی۔ ہندوستان میں لوگ سوچتے تھے کہ ان کا اور ملک کا کیا ہوگا۔ کانگریس کے دور حکومت میں ایسا ہی ماحول تھا‘‘۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کانگریس کا ایک ہی ایجنڈا ہے، مودی مخالف اور مودی مخالف۔ وہ مودی کے خلاف ایسی باتیں پھیلاتی ہے، جو سماج کو تقسیم کرتی ہیں۔ جب کوئی پارٹی اقربا پروری اور خاندانی سیاست کے شیطانی چکر میں پھنس جاتی ہے تو اس کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوتا ہے۔ آج ہر کوئی کانگریس چھوڑ رہا ہے، وہاں صرف ایک ہی خاندان نظر آتا ہے۔
راجستھان میں پچھلی کانگریس حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ راجستھان میں پچھلی حکومت کے دور میں اکثر پرچے لیک ہوتے تھے اور نوجوان اس سے متاثر ہوتے تھے۔ اس کی جانچ کے لئے بی جے پی کے اقتدار میں آتے ہی ایک اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ مرکزی حکومت نے پرچہ لیک میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانون بنایا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ راجستھان کی ہر اسمبلی سے کئی لوگ اس اہم پروگرام میں شامل ہوئے ہیں۔’’ میں آپ سبھی کو مبارکباد دیتا ہوں۔ کچھ دن پہلے جے پور میں فرانس کے صدر کا آپ نے جو شاندار استقبال کیا تھا اس کی گونج پورے ہندوستان اور فرانس میں سنائی دی تھی‘‘۔
پروگرام کے دوران وزیر اعظم نے۱۷ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔
وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ منصوبے سڑکوں، ریلوے، شمسی توانائی، بجلی کی ترسیل، پینے کے پانی اور پٹرولیم اور قدرتی گیس سمیت کئی اہم شعبوں کو پورا کرتے ہیں۔
مودی نے مزید کہا ’’جب میں وکست بھارت کی بات کرتا ہوں تو یہ صرف ایک لفظ یا جذبات نہیں ہے بلکہ یہ ہر کنبے کی زندگی کو خوشحال بنانے کی ایک مہم ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وکست بھارت ملک میں غربت کو دور کرنے، معیاری ملازمتیں پیدا کرنے اور جدید سہولیات پیدا کرنے کی مہم ہے‘‘۔
اپنے غیر ملکی دورے کے دوران ،جہاں سے وہ کل واپس آئے تھے، عالمی رہنماؤں کے ساتھ اپنی بات چیت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے، وزیراعظم مودی نے اس بات کو اجاگر کیا کہ عالمی رہنما اس بات کو قبول کر رہے ہیں کہ ہندوستان بڑے خواب دیکھ سکتا ہے اور ان خوابوں کوحقیقت کی شکل دے سکتا ہے۔
وزیر اعظم نے ریل، سڑک، بجلی اور پانی کے ضروری شعبوں کی تیز رفتار ترقی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا، ’’وکست راجستھان کی ترقی وکست بھارت کی ترقی کے لیے ضروری ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے شعبوں کی ترقی سے دوسرے شعبوں کے ساتھ ساتھ کسانوں، مویشی پروری کرنے والوں ، صنعتوں اور سیاحت کو بہت زیادہ فائدہ پہنچے گا جبکہ ریاست میں نئی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بھی پیداہوں گے۔
مودی نے بتایا کہ اس سال کے مرکزی بجٹ میں بنیادی ڈھانچہ کی ترقی کے لیے ریکارڈٍ۱۱ لاکھ کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جو کسی بھی سابقہ حکومت کے مقابلے ۶ گنا زیادہ ہے۔ وزیراعظم مودی نے اس بات پر زور دیا کہ ان اخراجات سے سیمنٹ، پتھر اور سیرامکس کی صنعتوں کو بہت زیادہ فائدہ پہنچے گا۔