واشنگٹن//
امریکی صدر جو بائیڈن نے جرمن چانسلر اولاف شولز کے ساتھ ایک ملاقات میں یوکرین کی امداد کے لئے امریکی فنڈنگ امور اور غزہ تنازعہ پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس نے ایک پریس ریلیز میں یہ اطلاع دی۔
ریلیز میں کہا گیا، ’’مسٹر بائیڈن اور مسٹر شولز نے یوکرین کے لیے اپنی مضبوط حمایت کا اعادہ کیا۔ صدر نے یوکرین کے اپنے دفاع میں جرمنی کی مثالی شراکت کی تعریف کی اور چانسلر نے مسلسل امریکی حمایت کی اہمیت پر زور دیا۔”دونوں رہنماؤں نے واشنگٹن میں ہونے والی نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) کے سربراہی اجلاس کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مسٹر بائیڈن اور مسٹر شولز نے غزہ جنگ کی وجہ سے مشرق وسطیٰ میں علاقائی کشیدگی کو روکنے کی کوششوں اور غزہ میں شہریوں کے تحفظ کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے لیے پائیدار امن کی شرائط کے تعین پر تبادلہ خیال کیا۔ اس میں اسرائیل کی سلامتی کی ضمانتوں کے ساتھ فلسطینی ریاست کا قیام شامل ہے۔