بیجنگ//
چین کے صوبہ ہنان اور جیانگ شی میں شدید برف باری کی پیش گوئی کرتے ہوئے برفانی طوفان کے لیے بلیو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔چین کے محکمہ موسمیات نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔قومی موسمیاتی مرکز (این ایم سی) کے مطابق، صوبہ ہنان کے وسطی اور جنوبی حصے اور جیانگ شی صوبے کے جنوبی اور مغربی حصے بدھ سے جمعرات کی صبح تک شدید برف باری کی زد میں رہیں گے۔این ایم سی نے کہا کہ مذکورہ علاقوں کے کچھ حصوں میں برفانی طوفان کی وجہ سے 10 سینٹی میٹر تک برف جمع ہو سکتی ہے۔ این ایم سی نے ملک کے وسطی، جنوبی، جنوب مغربی اور مشرقی علاقوں میں کم درجہ حرارت کے لیے بلیو الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ بدھ سے جمعرات تک، ہینان، آنہوئی، ہوبی، ہنان، چونگ چنگ، گوئژو، گوانگشی، گوانگ ڈونگ، جیانگشی اور ژی جیانگ کے کچھ حصوں سمیت کچھ علاقوں میں کم از کم یومیہ درجہ حرارت اس مدت کے تاریخی اوسط سے پانچ ڈگری سیلسیس کم ہوگا۔
این ایم سی نے مقامی لوگوں کو بیرونی سرگرمیوں کو محدود کرنے اور مقامی حکام کو سڑکوں پر برف جمع ہونے اور زرعی کھیتوں کو پہنچنے والے نقصان کے لئے احتیاط برتنے کی وارننگ دی۔ اس کے ساتھ ہی مقامی حکومتوں کو بھی برفانی طوفان سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کو کہا گیا ہے۔