نئی دہلی//سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے وزیر نتن گڈکری نے بدھ کو کہا کہ ملک بھر کی شاہراہوں پر سیٹلائٹ پر مبنی ٹول ادائیگی کا نظام جلد از جلد شروع کیا جائے گا۔
راجیہ سبھا میں وقفہ سوال کے دوران ضمنی سوالات کے جواب میں مسٹر گڈکری نے کہا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لیے ضابطہ اخلاق کے نفاذ سے قبل تمام ٹول بوتھس پر سیٹلائٹ پر مبنی ادائیگی کا نظام شروع کیا جائے گا۔ اس میں گاڑی کے نمبر کی معلومات لینے کے بعد اکاؤنٹ سے رقم کاٹی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت ٹول بوتھوں سے 49000 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل ہو رہی ہے ۔ اب تمام ٹول گاؤں اور شہر کی حدود سے کچھ فاصلے پر بنائے جا رہے ہیں۔
پنچایتی راج کے وزیر مملکت کپل موریشور پاٹل نے ضمنی سوالات کے جواب میں کہا کہ پچھلے 10 برسوں میں ملک بھر کی پنچایتوں میں تین کروڑ سے زیادہ سرپنچوں اور پنچایتی راج افسران کو تربیت دی گئی ہے ۔ اس کا اثر پنچایتی ترقیاتی اسکیموں میں نظر آتا ہے ۔ گاؤں کے ترقیاتی منصوبوں میں بھی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے ۔
ایک ضمنی سوال کے جواب میں وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے کہا کہ ملک میں روزگار کے مواقع بڑھے ہیں کیونکہ ملک کی معیشت ترقی کر رہی ہے ۔ ای پی ایف او میں اندراج میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھے ہیں۔