واشنگٹن/ نئی دہلی// وزیراعظم نریندرمودی نے عالمی برادری کو یقین دلایا کہ ہندوستان کووڈ وبا سے نمٹنے کے لیے اپنی دیسی اور سستی ٹیکنالوجی ، ویکسین اور دیگر علاج کی سہولیات مہیا کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہے گا مسٹر مودی نے اس ارادے کا اظہار امریکی صدر جوزف آر بائیڈن کی دعوت پر دوسری ورچوئل گلوبل کووڈ چوٹی کانفرنس میں کیا ۔
’وبا کی تھکان سے بچاؤ اور تیاریوں کی ترجیحات‘ کے موضوع پر مبنی، اس کانفرنس میں وزیر اعظم نے کہا کہ وبا سے نمٹنے کے لیے عوام پر مبنی حکمت عملی تیار کی اور اس سال اب تک ہیلتھ کے لئے سب سے زیادہ بجٹ مختص کیا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی ویکسینیشن مہم چلا رہا ہے اور ملک کی تقریباً 90 فیصد بالغ آبادی اور پانچ کروڑ بچوں کو ٹیکہ لگایا جا چکا ہے ۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ عالمی برادری کے ایک ذمہ دار رکن ہونے کے ناطے ہندوستان کووڈ سے نمٹنے کے لیے سستی دیسی ٹیکنالوجی، ویکسین اور دیگر علاج کی سہولیات کا دیگر ممالک کے ساتھ اشتراک کرنے میں فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان جینوم سرویلنس کنسورشیم کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ ہندوستان نے اپنی روایتی دوائیوں کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا ہے اور ہندوستان میں عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) کے سینٹر آف ٹریڈیشنل میڈیسن کا سنگ بنیاد رکھا ہے تاکہ یہ علم دنیا کو بھی دستیاب ہو سکے ۔