حیدرآباد// رویندر جڈیجہ اور کے ایل راہل چوٹ کی وجہ سے انگلینڈ کے ساتھ وشاکھاپٹنم میں 2 فروری کو ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔
جڈیجہ کو پہلے ٹیسٹ کے چوتھے دن ہیمسٹرنگ میں تناؤ کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ راہل نے اپنی دائیں ران میں درد کی شکایت کی۔ سلیکٹرز نے جڈیجہ اور راہل کی جگہ سوربھ کمار، سرفراز خان اور واشنگٹن سندر کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
ہندوستانی ٹیم پہلا ٹیسٹ ہارنے کے بعد سیریز میں پہلے ہی 0-1 سے پیچھے ہے۔ جڈیجہ، راہل اور وراٹ کوہلی جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کے بغیر یہ ٹیم اور بھی کمزور نظر آئے گی۔ کوہلی پہلے ہی ذاتی وجوہات کی بنا پر پہلے دو ٹیسٹ میچوں سے غیر دستیاب ہو چکے تھے۔
راہل کی غیر موجودگی میں رجت پاٹیدار اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کر سکتے ہیں۔ انہیں وراٹ کوہلی کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ جڈیجہ کی جگہ کلدیپ یادو ٹیم میں آ سکتے ہیں۔ سندر کو بھی جڈیجہ کی آل راؤنڈ صلاحیتوں کی وجہ سے جگہ مل سکتی ہے۔ سندر نے چار ٹیسٹ میچوں میں تین نصف سنچریوں کے ساتھ 66 کی اوسط سے رنز بنائے ہیں اور 50 کی اوسط سے صرف چھ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ وہیں کلدیپ کے نام آٹھ ٹیسٹ میں 21.55 کی اوسط سے 34 وکٹیں ہیں۔ چٹاگانگ میں اپنے آخری ٹیسٹ میں آٹھ وکٹیں لینے پر انہیں پلیئر آف دی میچ کا خطاب دیا گیا۔
واضح رہے کہ جڈیجہ نے ہندوستان کی پہلی اننگز میں 87 رنز بنائے تھے اور دوسری اننگز کے دوران رن آؤٹ ہوئے تھے۔ انہوں نے پہلی اننگز میں تین اور دوسری اننگز میں دو وکٹیں حاصل کیں۔ راہل نے بھی پہلی اننگز میں 86 رنز بنائے۔
دوسرے ٹیسٹ کے لیے ہندوستانی ٹیم درج ذیل ہے:-
روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل، یشسوی جیسوال، شریاس آئیر، کے ایس بھرت (وکٹ کیپر)، دھرو جورل (وکٹ کیپر)، روی چندرن اشون، اکشر پٹیل، کلدیپ یادو، محمد سراج، مکیش کمار، جسپریت بمراہ (نائب کپتان)، اویش خان، رجت پاٹیدار، سرفراز خان، واشنگٹن سندر اور سوربھ کمار