لکھنؤ// وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کو اعلان کیا کہ کھیلو انڈیا سنٹر کی طرز پر ریاست کے ہر بلاک میں کھیلو اتر پردیش سنٹر قائم کیا جائے گا۔
اندرا گاندھی پرتشٹھان میں منعقد اتر پردیش کے کھلاڑیوں میں انعامی رقم اور تقرری خطوط کی تقسیم کے پروگرام میں یوگی نے کہا کہ ریاست کے ہر بلاک میں کھیلو اترپردیش سینٹر قائم کیا جائے گا۔ اس کے لیے محکمہ کھیل کے تعاون سے رقم کا تعین کیا جائے گا۔ ریاستی حکومت نے پہلے ہی فیصلہ کیا ہے کہ جو کھلاڑی کھیلوں کے بعد اپنا وقت دے سکتے ہیں انہیں کھیلو یوپی سنٹر میں مقررہ اعزازیہ پر کوچ مقرر کیا جائے گا۔ اگر بلاک لیول پر اچھے کوچز ہوں گے تو ہمارے کھلاڑی مزید بہتر کر سکیں گے اور ہم ملک اور بیرون ملک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں گے۔
اس موقع پر انہوں نے 19ویں ایشین گیمز-2022، چوتھے پیرا ایشین گیمز-2022 اور 37ویں نیشنل گیمز-2023 میں تمغے جیتے والے اور حصہ لینے والے اتر پردیش کے 189 نمایاں کھلاڑیوں میں 62 کروڑ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی۔ اس کے ساتھ سات تمغہ جیتنے والے کھلاڑیوں کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، ڈسٹرکٹ یوتھ ویلفیئر آفیسر اور مسافر/گڈز ٹیکس آفیسر کے طور پر تقرری خطوط بھی دیے گئے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں کھیلوں میں ایک ماحول بنا ہے۔ ریاستی حکومت نے زمینی سطح پر نوجوانوں کی توانائی کو فروغ دینے کے عزم کے ساتھ کام کیا ہے۔ ایشین گیمز میں اتر پردیش کے کھلاڑیوں نے 25 فیصد تمغے جیتے ہیں۔ یوپی کے کھلاڑیوں نے نیشنل گیمز میں بھی اچھا مظاہرہ کیا ہے اور انہیں مزید بہتر بنانے کے لیے اس عوامی پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔