سرینگر/۲۴جنوری
فوج کی پندرہویں کمان کے کمانڈر‘ لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھائی نے گریز سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر اگلی چوکیوں کا دورہ کرکے آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔
دفاعی ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ فوج کی پندرہویں کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھائی نے منگل کے روز گریز سیکٹر کا دورہ کیا اور وہاں پر فوج کے سینئر آفیسران کے ساتھ ایل او سی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل کو بتایا گیا کہ ایل او سی میں اگلی چوکیوں پر تعینات فوجی جوان دن رات کڑی نظر گذر رکھے ہوئے ہیں تاکہ در اندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنا جا سکے ۔ان کا کہنا تھا کہ ان علاقوں میں مشتبہ نقل وحمل دیکھتے ہی بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کئے جاتے ہیں۔
دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحدوں پر تعینات فوجی جوانوں کو چوکس رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں تاکہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملایا جا سکے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ کور کمانڈر گریز سیکٹرمیں تعینات افواج کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر ایل او سی پر فوج کی مستعدی ناگزیر ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ فوجی کمانڈر کے ہمراہ پولیس اور بی ایس ایف کے سینئر آفیسران بھی موجود تھے ۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ شمالی ضلع کپواڑہ میں ایل او سی پرتعینات افواج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کےلئے تیار ہیں۔
اس سے قبل لیفٹیننٹ جنرل کو فوج کے سینئر آفیسران نے سرحدوں کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔