جموں//
جموں کشمیر کے پونچھ ضلع کے چیر والی موڑ کے نزدیک فوجی گاڑی گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں ایک فوجی برسر موقع ہی جاں بحق ہوا جبکہ اس کا ساتھی بھی شدید طورپر زخمی ہوا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پونچھ میں منگل کے روز فوج کا واٹرٹینکر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر چار سو فٹ گہری کھائی میں جاگرا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اور فوجی اہلکار جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے ایک جوان کو مردہ قرار دیا۔
متوفی کی شناخت پریتم سنگھ ساکن سانبہ کے بطور ہوئی جبکہ زخمی کی پہچان عبدالمنان ساکن سری نگر کے بطور کی گئی ہے۔دریں اثنا پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کی خاطرکیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
دریں اثناجموںکے ضلع راجوری میں منگل کی صبح ایک تیز رفتار گاڑی نے ایک عمر رسیدہ شخص کو کچل کر ابدی نیند سلا دیا۔
اطلاعات کے مطابق راجوری میں منگل کی صبح ایک عمر رسیدہ شخص ہسپتال میں علاج کرانے کے بعد واپس گھر جا رہا تھا کہ ایک تیز رفتار گاڑی نے اس کو کچل دیا۔
حکام نے کہا کہ گرچہ اس شخص کو نازک حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہاں موجود ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا۔متوفی کی شناخت۶۵؍سالہ غلام حسن کے طور پر ہوئی ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔