جموں/۲دسمبر
جموںکشمیر کے راجوری، کشتواڑ اور پونچھ اضلاع کے سرحدی علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینٹ مخالف آپریشن کے دوران کئی مشتبہ افراد کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
بتادیں کہ بفلیاز میں جمعرات کے روز ملی ٹینٹوں نے دو فوجی گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں پانچ فوجی جاں بحق جبکہ تین دیگر زخمی ہوئے ۔
اطلاعات کے مطابق سیکورٹی فورسز نے جمعے کی صبح کشتواڑ، پونچھ اور راجوری کے سرحدی علاقوں کو محاصرے میں لے کر سرچ آپریشن لانچ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ فوج ، سی آر پی ایف اور جموں وکشمیر پولیس نے راجوری کے کئی علاقوں کو محاصرے میں لے کربڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع العریض رہائشی اور جنگلی علاقوں کو سیل کرکے فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
دفاعی ذرائع نے کشتواڑ، راجوری اور پونچھ کے متعدد علاقوں میں تلاشی آپریشن شروع کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد فورسز اہلکاروں نے تلاشی آپریشن لانچ کیا ہے ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جنگلی علاقوں میں مشتبہ ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ راجوری، کشتواڑ اور پونچھ اضلاع میں پچھلے چند ماہ کے دوران ملی ٹینسی کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے جس کے پیش نظر ان علاقوں میں سرگرم ملی ٹینٹوں اور ان کے مدد گاروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ رہائشی مکانوں کی تلاشی کے دوران مکینوں کے شناختی کارڈ بھی باریک بینی سے چیک کئے جارہے ہیں۔
باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ کشتواڑ، پونچھ اور راجوری کے سرحدی علاقوں میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے ساتھ ساتھ سہولیت کاروں کو دھر دبوچنے کی خاطر گھر گھر تلاشی آپریشن لانچ کیا گیا ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ پولیس ، فوج اور سی آپی ایف کے سینئر آفیسران خط چناب میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف جاری آپریشنز کی از خود نگرانی کر رہے ہیں۔