نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کو صبح 11 بجے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے وکاس بھارت سنکلپ یاترا کے استفادہ کنندگان سے بات چیت کریں گے اور وزیر اعظم مہیلا کسان ڈرون سنٹر کا افتتاح کریں گے ۔
اسی پروگرام میں مسٹر مودی دیوگھر سے جن اوشدھی مراکز کی تعداد کو ٖڈھائی گنا کرنے کے پروگرام کا بھی افتتاح کریں گے ۔
بدھ کو وزیر اعظم کے دفتر کی طرف سے جاری کردہ ایک ریلیز کے مطابق یہ مرکز خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس (ایس ایچ جی) کو ڈرون فراہم کرے گا۔ اس اسکیم کے تحت آئندہ تین برسوں کے دوران خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کو 15000 ڈرون فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اس ٹیکنالوجی کو روزی روٹی کے لیے استعمال کر سکیں۔ خواتین کو ڈرون اڑانے اور استعمال کرنے کی ضروری تربیت بھی دی جائے گی۔ مرکزی کابینہ نے منگل کو اس پروگرام کی تجویز کو باضابطہ طور پر منظوری دے دی۔ حکومت کا خیال ہے کہ اس اسکیم سے زراعت کے شعبے میں ٹیکنالوجی کے استعمال کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
‘وکاس بھارت سنکلپ یاترا’ کا آغاز پورے ملک میں حکومت کی اہم اسکیموں کی مکمل رسائی کو یقینی بنانے کے مقصد سے کیا جا رہا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ان اسکیموں کے فوائد مقررہ وقت میں تمام اہداف حاصل کرنے والوں تک پہنچیں۔
تقریب کے دوران وزیر اعظم ایمس، دیوگھر (جھارکھنڈ) میں تاریخی 10,000 ویں جن اوشدھی سینٹر کو وقف کریں گے ۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم ملک میں جن اوشدھی مراکز کی تعداد 10,000 سے بڑھا کر 25,000 کرنے کے پروگرام کی بھی شروعات کریں گے ۔
صحت کی دیکھ بھال کو سستی اور آسانی سے قابل رسائی بنانا وزیر اعظم کے صحت مند ہندوستان کے وژن کا سنگ بنیاد رہا ہے ۔ اس سمت میں ایک اہم اقدام سستی قیمتوں پر ادویات فراہم کرنے کے لیے جن اوشدھی کیندروں کا قیام ہے ۔
خواتین کے ایس ایچ جی کو ڈرون فراہم کرنے اور جن اوشدھی مراکز کی تعداد 10,000 سے بڑھا کر 25,000 کرنے کے ان دونوں اقدامات کا اعلان وزیر اعظم نے اس سال کے شروع میں یوم آزادی کی تقریر کے دوران کیا تھا۔ 30 نومبر کا یہ پروگرام ان وعدوں کی تکمیل کی علامت ہے ۔