پینٹاگون//
امریکی امور دفاع پینٹاگون کا کہنا ہے کہ خلیج عدن میں ایک تجارتی بحری جہاز پر قبضے کی کوشش میں گرفتار 5 مسلح افراد حوثی نہیں بلکہ صومالی ہیں۔ پینٹاگون ترجمان پیٹرک رائیڈر نے یومیہ پریس بریفنگ کے دوران اس واقعے سے متعلق بتایا کہ اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں جن میں حوثی ملوث نہیں ہیں ۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار افراد تاحال یو ایس ایس میسن پر موجود ہیں جن سے تفتیش جاری ہے اور جو صومالی باشندے ہیں۔
امریکی مرکزی کمان سینٹ کام نے گزشتہ روز ایکس سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں بتایا تھا کہ ایم وی سینٹرل پارک نامی ایک تجارتی بحری جہاز پر خلیج عدن میں ایک حملے کے دوران مدد طلب کی گئی تھی جس پر یو ایس ایس میسن نے بر وقت کاروائی کرتے ہوئے پانچ بحری قزاقوں کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ ایک کشتی کے ذریعے فرار ہونے کی کوشش میں تھے۔
یاد رہے کہ یمن میں ایرانی نواز حوثیوں نے اسرائیلی کمپنیوں کو دھمکی دی تھی کہ وہ ان کے جہازوں کو نشانہ بنائیں گے۔