سرینگر//
وادی کشمیر میں جہاں سردی کا زور تیز تر ہو رہا ہے وہیں سرینگر میں ایک سرد ترین رات ریکارڈ ہونے کے بیچ کئی علاقوں میں منگل کی صبح بھی کہر چھایا رہا جس نے صبح کے وقت گھروں سے نکلنے والے لوگوں کیلئے مشکلات پیدا کئے ۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سرینگر میں رواں سیزن کی ایک اور سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۲ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے منفی۰ء۲ڈگری سینٹی گریڈکم ریکارڈ ہوا ہے ۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۶ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۰ء۱ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا ہے ۔
پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۹ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۰ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔شمالی ضلع کپواہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۸ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۰ء۱ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا ہے ۔
قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۸ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۰ء۲ڈگری سینٹی گریڈکم ریکارڈ ہوا ہے ۔ادھر خشک موسم کے بیچ محکمہ موسمیات نے برف و باراں کی پیش گوئی کی ہے ۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں۲۳نومبر کو وادی کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد ۲۴سے۲۶نومبر تک موسم ایک بار پھر خشک رہنے کی ہی توقع ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ وادی میں۲۷سے۳۰نومبر تک موسم ابر آمود رہنے کا امکان ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا ہلکی بارشوں کا امکان ہے ۔انہوں نے کہاکہ وادی میں ماہ رواں کے آخر تک موسم بڑے پیمانے پر خراب ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے ۔
دریں اثنا سرینگر کے کئی علاقوں میں منگل کی صبح بھی دھند چھائی رہی جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔دھند کے باعث جہاں سرینگر ہوائی اڈے پر صبح کے وقت پروازوں میں تاخیر ہوئی وہیں زمینی ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل بھی قدرے متاثر ہوئی۔حکام کے مطابق سری نگر ہوائی اڈے پر دھند کی وجہ سے منگل کی صبح کم سے کم تین پروازوں میں تاخیر ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر مختار احمد کا کہنا ہے کہ سرینگر میں۲۶نومبر کو صبح کے وقت دھند چھائی رہنے کا امکان ہے ۔
خشک موسم کے بیچ وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر‘ جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل جاری ہے جبکہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ اور سرینگر‘ لیہہ شاہراہ پر بھی ٹریفک حسب معمول رواں دواں ہے ۔