سرینگر//
نیشنل کانفرنس نے ڈویژنل انتظامیہ سے برفباری اور بارشوں کے نتیجے میں پیدا شدہ صورتحال سے فوری طور پر نمٹنے کی اپیل کی ہے ۔ پا
پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفے ٰ کمال نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ برفباری کے نتیجے میں منقطع ہوئے علاقوں اور دیہات کے ساتھ سڑک روابط بحال کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کریں اور ساتھ ہی شہر سرینگر اور وادی کے دیگر نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کیلئے اقدامات اُٹھائے جائیں۔
کمال نے کہا کہ گذشتہ برسوں کے دوران برفباری اور بارشوں کے دوران مسلسل طور پر حکومتی ناکامی دیکھنے کو ملی جس سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
این سی لیڈر نے اُمید ظاہر کی کہ امسال انتظامیہ بروقت کارروائی کرکے عوام کی راحت رسانی کیلئے اقدامات اٹھائے گی اوربند ہوئی سڑکوں کو جنگی بنیادوں پر بحال کیا جائے گا۔
کمال نے صوبائی کمشنروں اور ضلع ترقیاتی کمشنروں سے اپیل کی کہ وہ ذاتی طور پر عوام کی راحت رسانی کے اقدامات کی نگرانی کریں اور سرحدی علاقوں میں متعلقہ انتظامیہ اور فیلڈ سٹاف کو متحرک کریں اور ساتھ ہی ان علاقوں میں غذائی اجناس اور ادویات کا وافر سٹاک پہنچایا جائے ۔
این سی لیڈر نے محکمہ بجلی کے حکام سے بھی اپیل کی کہ وہ جنگی بنیادوں ایسے علاقوں میں بجلی کی مکمل سپلائی بحال کریں جہاں برفباری سے ترسیلی لائینوں کو نقصان پہنچا ہے ۔