نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز برطانوی وزیر اعظم رشی سنک کو ٹیلی فون کیا جس میں دونوں لیڈروں نے مغربی ایشیا کی بگڑتی ہوئی صورتحال، دہشت گردی، شہریوں کی ہلاکت پر گہری تشویش کا اظہار کرنے کے ساتھ علاقائی امن و سلامتی، استحکام اور انسانی امداد جاری رکھنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق، دونوں لیڈروں نے تجارت، سرمایہ کاری، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی، دفاع، سلامتی، صحت اور دیگر شعبوں سمیت دو طرفہ جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے باہمی طور پر فائدہ مند آزاد تجارتی معاہدے کے جلد نفاذ کی جانب پیش رفت کا خیرمقدم کیا۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے مغربی ایشیا کے خطے میں رونما ہونے والی پیش رفت اور اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازعات پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی، بگڑتی ہوئی سکیورٹی کی صورتحال اور شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے علاقائی امن، سلامتی، استحکام اور انسانی امداد جاری رکھنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
مسٹر مودی نے وزیر اعظم سنک کو ان کی میعاد کے ایک سال کی تکمیل پر دیوالی کی مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔