حیدرآباد//کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے تلنگانہ کے عوام سے خواہش کی کہ وہ وزیراعلی کے عہدہ سے چندرشیکھرراو کو الوداع کہیں۔انہوں نے زوردیتے ہوئے کہاکہ ریاست میں کانگریس کے برسراقتدارآنے کے بعد چندرشیکھرراو کی لوٹی ہوئی تمام رقم جمع کرکے عوام میں تقسیم کی جائے گی۔یہ کہتے ہوئے کہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کے اقتدار میں آتے ہی تمام خواتین کو 500 روپے میں گیس سلنڈر کے ساتھ بس میں مفت سفرکی سہولت فراہم کی جائے گی،انہوں نے کہاکہ تمام افراد نے علیحدہ تلنگانہ کے لیے جدوجہد کی تھی لیکن تشکیل تلنگانہ کے بعد ایک ہی خاندان کو فائدہ ہوا۔انہوں نے متحدہ محبوب نگر ضلع کے کلواکرتی میں کانگریس کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چندرشیکھرراو کے خاندان پر تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بادشاہوں کا راج چل رہا ہے ۔ کالیشورم پروجیکٹ کے ذریعہ اس خاندان نے ایک لاکھ کروڑ روپے لوٹ لیے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ ریاست قرض میں ڈوبی ہوئی ہے ۔یہ انتخابی مقابلہ دراصل جاگیرداروں اور تلنگانہ کے عوام کے درمیان ہے ،انہوں نے کہا کہ ایک طرف کرپٹ خاندان ہے تو دوسری طرف عوام ہیں۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں تمام عہدے اور ملازمتیں کے سی آر کے خاندان کے پاس ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں تمام موجودہ پروجیکٹس کانگریس حکومت نے بنائے تھے ۔کانگریس نے پروجیکٹس کے ذریعہ بے گھر افرادکو مکانات اور اراضیات دی تھیں۔ کانگریس حکومت نے کئی بڑے پروجیکٹس بنائے لیکن کہ ڈیڑھ لاکھ کروڑ سے کے سی آرکے تعمیر کردہ کالیشورم پراجکٹ کے تمام ستون ایک ایک کر کے گر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ریاست میں دلتوں اور کمزور طبقات میں اراضیات تقسیم کی تھیں۔چندرشیکھرراونے دھرانی پورٹل لایا اور کانگریس کی طرف سے پہلے غریبوں کو دی گئی اراضیات چھین لی۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دھرانی پورٹل کی وجہ سے صرف ایک خاندان کی ہی بہتری ہوئی ہے ۔