نئی دہلی//ہندوستان کے دورے پر آئیں ڈومینیکن ریپبلک کی نائب صدر راکیل پینا روڈریگز نے منگل کو یہاں راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔
محترمہ روڈریگز کا ہندوستان کے پہلے دورہ پر خیرمقدم کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ اس دورہ کا وقت بہت مناسب ہے کیونکہ ہندوستان اور ڈومینیکن ریپبلک اپنے سفارتی تعلقات کی 25ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات گرمجوشی والے اور دوستانہ ہیں جو جمہوریت کی مشترکہ اقدار کی مضبوط بنیاد اور عالمی امور پر نظریات کے وسیع اتحاد پر مبنی ہیں۔
محترمہ مرمو نے کہا کہ ڈومینیکن ریپبلک لاطینی امریکہ میں ہندوستان کا آٹھواں سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے ۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ کاروبار میں مزید تنوع کے امکانات موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دواسازی کی مصنوعات، سمندری سائنس، موسمیات، تباہی سے بچنے والے بنیادی ڈھانچے اور ڈیجیٹل ادائیگی کی ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں مل کر کام کرنے اور اپنے تجربے اور مہارت کا تبادلہ کرنے کی گنجائش موجود ہے ۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ صلاحیت کی تعمیر ہند-ڈومینیکن ریپبلک تعاون کے اہم ستونوں میں سے ایک ہے ۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ہندوستان نے حال ہی میں سائبر سیکورٹی اور ریموٹ سینسنگ کے اہم شعبوں میں ڈومینیکن ریپبلک کے عہدیداروں کے لئے دو خصوصی آئی ٹی ای سی تربیتی کورسز کا انعقاد کیا ہے ۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ہندوستان اور ڈومینیکن ریپبلک کے درمیان مسلسل تبادلے اور رابطوں سے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ۔