سرینگر//
لیفٹیننٹ گورنر‘ منوج سنہا نے پیر کو کہا کہ جموں کشمیر میں سیاحوں کی آمد۲۵ء۲ کروڑ سے تجاوز کرنے کی امید ہے، سرینگر میں جی۲۰ سیاحتی اجلاس کے بعد غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں۵۹ فیصد اضافہ ہوا ہے۔
آئل اینڈ نیچرل گیس کارپوریشن لمیٹڈ (او این جی سی) کے زیر اہتمام سرینگر کے رائل اسپرنگس گالف کورس میں ۴۴ویں پی ایس پی بی انٹر یونٹ گالف ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایل جی سنہا نے کہا کہ اس سال جموں میں ایک کروڑ ۵۲ لاکھ سیاح آئے۔ اور کشمیر میں۳۱؍اگست تک پچھلے سال کے ایک کروڑ۲۸ لاکھ کے مقابلے میں۔
سنہا کاکہنا تھا’’مجھے امید ہے کہ یہ۲۰۲۳کے آخر تک۲۵ء۲کروڑ سے تجاوز کر جائے گی۔ اس کے علاوہ‘جی۲۰ورکنگ گروپ کے اجلاس کے بعد غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں۵۹فیصد اضافہ ہوا ہے۔ یہ تعداد جموں و کشمیر میں ہونے والی تبدیلیوں کی عکاسی کرتی ہے‘‘۔
ایل جی نے کہا کہ جی۲۰سمٹ کی کامیابی، ریکارڈ سیاحوں کی آمد، اور غیر ملکی سیاحوں کی یو ٹی میں غیر معمولی اضافہ خود جموں و کشمیر میں موجودہ امن اور بدلے ہوئے منظر نامے کی بات کرتا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے گولفرز کا جموں و کشمیر کے یو ٹی میں خیرمقدم کیا اور ان سے کہا کہ وہ نئے جموں و کشمیر کا پیغام پورے ملک اور اس سے باہر پھیلا دیں۔
سنہا نے پچھلے کچھ سالوں میں جموں و کشمیر کے تبدیلی کے سفر پر بھی روشنی ڈالی۔
ان کاکہنا تھا’’عمروں سے، جموں کشمیر کو سیکھنے کی جگہ، زمین پر ایک جنت، اور تمام روحانی سلسلوں کے گھر کے طور پر جانا جاتا ہے۔ کئی دہائیوں سے، جموں کشمیراور اس کے لوگوں کو علیحدگی پسندی، دہشت گردی اور اقربا پروری کی وجہ سے نقصان اٹھانا پڑا۔ لیکن ان دنوں مایوسی اب ختم ہو چکی ہے۔ لوگوں کی زندگیوں میں امید کی روشن کرن آگئی ہے۔ بہت سے شعبوں میں ہم کئی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔‘‘