نئی دہلی// سپریم کورٹ نے ہندوستان سے بنگلہ دیش مویشیوں کی اسمگلنگ کے معاملے میں تقریباً 14 ماہ سے جیل میں بند ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) لیڈر انوبرت منڈل کی ضمانت کی درخواست پر پیر کو مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کو نوٹس جاری کرکے اسے دو ہفتوں کے اندر اپنا جواب داخل کرنے کی ہدایت دی۔
جسٹس انیرودھا بوس اور بیلا ایم ترویدی کی بنچ نے یہ ہدایت منڈل کی درخواست کی سماعت کے بعد دی جس میں کلکتہ ہائی کورٹ کے اسے ضمانت دینے سے انکار کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔
سینئر وکیل مکل روہتگی نے بنچ کے سامنے عرضی گزار کا رخ پیش کرتے ہوئے کہا کہ عرضی گزار 14 ماہ سے جیل میں ہے ۔ اس معاملے میں اب تک پانچ چارج شیٹ داخل کی گئی ہیں۔
مسٹر رستوگی نے دلیل دی کہ اس کیس کے مرکزی ملزم کو سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی والی بنچ نے ضمانت دی تھی۔
اس سال جنوری میں ہائی کورٹ نے منڈل کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ درخواست گزار ایک بااثر شخص ہے اور اس پر گواہوں کو دھمکانے کا الزام ہے ۔
ہائی کورٹ نے یہ بھی کہا تھا کہ غیر قانونی جانوروں کی اسمگلنگ کے اس ملک کی اقتصادی اور قومی سلامتی پر دور رس اثرات مرتب ہوتے ہیں۔