سرینگر//
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں ۱۵ ستمبر تک موسمی صورتحال جوں کی توں رہ کر گرمی کی شدت جاری رہنے کا امکان ہے ۔
موسمیات محکمے کے ڈپٹی ڈائریکٹر‘ مختار احمد نے میڈیا کو بتایا کہ وادی میں۱۵ستمبر تک گرمی کی شدت جاری رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ فی الوقت موسم جوں کا توں رہنے کی توقع ہے ۔
احمد کا کہنا تھا کہ۱۵ستمبر کے بعد وادی میں موسم میں تبدیلی متوقع ہے جس دوران۱۷؍اور۱۸ستمبر کو ہلکی بارشوں کا بھی امکان ہے ۔
موسمیات محکمے کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ اس دوران موسم ابر آلود رہ سکتا ہے جس سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تاہم ۲۰ستمبر تک موسم میں وسیع پیمانے پر تبدیلی ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے ۔
احمد کا کہنا تھا کہ وادی میں سال۲۰۰۴؍اور۲۰۰۵میں ماہ ستمبر کافی گرم رہا تھا جب اس ماہ کے دوران درجہ حرارت۴ء۳۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ اگست کا مہینہ اور ستمبر کے پہلے ایام خشک رہنے سے درجہ حرارت میں اضافہ درج ہوا۔
بتادیں کہ سرینگر میں۱۰ستمبر کو درجہ حرارت۹ء۳۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔