نئی دہلی // کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ آج ان کی ‘بھارت جوڑو یاترا’ کی پہلی سالگرہ ہے اور تب سے نفرت کے بازار میں محبت کی دکانیں لگاتار کھل رہی ہیں۔
مسٹر گاندھی نے ایکس پر لکھا ‘‘بھارت جوڑو یاترا کا ایک سال۔’’
نفرتوں کے بازار میں محبت کی دکانیں کھل رہی ہیں۔ بھارت جوڑو یاترا کے اتحاد اور محبت کی جانب کروڑوں قدم ملک کے بہتر کل کی بنیاد بنے ہیں۔ یاترا جاری رہے – نفرت مٹنے تک، بھارت جڑنے تک۔ یہ وعدہ ہے میرا۔’’
اس کے ساتھ انہوں نے بھارت جوڑو یاترا پر ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی ہے جس میں بھارت جوڑو یاترا کے جھلکیاں دکھائی گئی ہیں۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے مسٹر گاندھی کو یاترا کے لیے مبارکباد دی اور کہا ‘بھارت جوڑو یاترا’ کا ایک سال مکمل ہونے پر، انڈین نیشنل کانگریس کی جانب سے ، میں مسٹر راہل گاندھی، ہندوستان کے تمام یاتریوں اور ہمارے لاکھوں شہریوں کو مبارکباد دیتا ہوں جو اس یاترا میں شامل ہوئے ۔’’
پارٹی کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے کہا ‘‘بھارت جوڑو یاترا ہندوستانی سیاست میں بہت بڑی تبدیلی لانے والا ایک واقعہ تھا۔ یاترا بڑھتی ہوئی معاشی عدم مساوات، بڑھتے ہوئے سماجی پولرائزیشن اور سیاسی آمریت جیسے موضوعات پر مرکوز تھی۔ راہل گاندھی نے یاترا کے دوران اپنے من کی بات نہیں کی لیکن عوام کے خدشات کو سننے کے لیے موقع کا استعمال کیا۔ یہ یاترا آج بھی مختلف شکلوں میں جاری ہے ۔ ‘‘یہ ملک بھر کے طلبائ، ٹرک ڈرائیوروں، کسانوں اور زرعی کارکنوں، میکینکس، سبزیوں کے تاجروں، ملک بھر کے ایم ایس ایم ایز کے ساتھ راہل گاندھی کی ملاقاتوں اور منی پور میں ان کی موجودگی کے ساتھ ساتھ لداخ کے ایک ہفتہ طویل یاترا سے ظاہر ہوتی ہے ۔’’