نئی دہلی/۲۹اگست
مرکزی حکومت نے گھریلو رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت میں۲۰۰روپے کی کمی کا اعلان کیا ہے جس کا اطلاع‘بدھ ۳۰اگست سے ہو گا ۔
تہوار کے موسم سے پہلے صارفین کے لیے ایک بڑی راحت کے طور پر، مرکزی کابینہ نے آج تمام ۳۳ کروڑ صارفین کے لیے گھریلو استعمال کے لیے ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں بھاری کمی کا اعلان کیا ہے۔
مرکز نے آج رسوئی گیس سلنڈر کی قیمتوں میں کمی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی کابینہ کی میٹنگ کے دوران تمام گھریلو صارفین کے لیے گیس سلنڈر کی قیمتوں میں۲۰۰ روپے فی سلنڈر کی کمی کی ہے۔
مرکزی وزیر انوراگ سنگھ ٹھاکر نے کہاکہ ’ایل پی جی سلنڈر کے تمام گھریلو صارفین کو فی سلنڈر ۲۰۰ روپے کی سبسڈی دی جائے گی‘۔
مزید برآں پی ایم اجوالا اسکیم کے تحت صارفین کو یہ سبسڈی موجودہ سبسڈی کے اوپر دی جائے گی۔ کابینہ نے اجولا اسکیم کے تحت اضافی سبسڈی کو منظوری دی ہے۔ اضافی سبسڈی بھی ۲۰۰روپے ہوگی تاہم اب پردھان منتری اجولا یوجنا کے مستفیدین کے لیے سبسڈی ۴۰۰ روپئے فی سلنڈر ہوگی۔
مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے کابینہ میٹنگ سے متعلق بریفنگ میں کہا کہ صارفین کو رکھشا بندھن اور اونم کے تحفہ کے طور پر اجولا اسکیم کے تحت ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں۲۰۰ روپے فی سلنڈر کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ اجولا سے مستفید ہونے والوں کے لیے سبسڈی اب ۴۰۰روپے فی ایل پی جی سلنڈر ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایل پی جی سلنڈروں پر اضافی سبسڈی کا نفاذ ا?ج سے ہوجائے گا۔