بیجنگ//
چین کے قومی موسمیاتی مرکز نے جمعہ کو ملک کے کئی علاقوں میں شدید بارش اور طوفان کے لیے بلیو الرٹ جاری کیا۔
قومی موسمیاتی مرکز نے آج دوپہر 2 بجے سے آئندہ 24 گھنٹے (ہفتے کے روز 2 بجے) کے دوران سیچوان، چونگ کنگ، شانسی، ہوبی، ہینان، شانسی، اندرونی منگولیا، ہیبی، گانسو، چنگھائی اور تبت کے علاقوں میں تیز بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بعض حصوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اس دوران 60 ملی میٹر فی گھنٹہ سے زائد بارش ہوسکتی ہے، اس کے ساتھ ساتھ گرج چمک اور طوفان کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
موسمیاتی مرکز نے مقامی حکومتوں اور رہائشیوں کو مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اسکولوں اور کنڈرگارٹنز سے کہا گیا ہے کہ وہ بچوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں، جب کہ سڑک کے ممکنہ سیلاب اور ٹریفک جام کی وجہ سے گاڑی چلانے والوں کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔