نئی دہلی// سپریم کورٹ نے اقدام قتل کے معاملے میں لکشدیپ سے لوک سبھا کے ممبر پارلیمنٹ محمد فیصل کے قصور اور سزا کو معطل کرنے کے کیرالہ ہائی کورٹ کے حکم کو منگل کے روز خارج کر دیا اور اس پر دوبارہ غور کرنے کی ہدایت دی۔
جسٹس بی وی ناگرتنا اور جسٹس اجل بھوئیاں کی بنچ نے اپنے حکم میں کہا کہ ہائی کورٹ نے سزا پر روک لگانے کی درخواستوں پر غور کرنے کے طریقہ کے سلسلے میں قانون کی صحیح پوزیشن پر غور نہیں کیا ہے ۔ اس لیے اسے منسوخ کیا جاتا ہے ۔
بنچ نے کہا کہ ہائی کورٹ اس معاملے پر نئے سرے سے غور کرے اور فیصلہ کرے ۔ اس کے بعد سپریم کورٹ نے معاملہ ہائی کورٹ کو واپس بھیج دیا۔
تاہم، سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے حکم نامے میں چھ ہفتے کی توسیع کرتے ہوئے محمد فیصل کی رکنیت مذکورہ مدت تک برقرار رکھی۔
بنچ نے کہا کہ چونکہ وہ اس معاملے کو ہائی کورٹ میں واپس بھیجا جا رہا ہے ، اس لیے ایم پی سیٹ کو خالی رکھنا مناسب نہیں ہوگا۔ بنچ نے ہائی کورٹ کے حکم میں توسیع کی اور اسے چھ ہفتوں کے اندر اس معاملے میں فیصلہ کرنے کو کہا۔
ہائی کورٹ نے اس معاملے پر غور کرتے ہوئے ، فیصل کے قصور اور سزا کی معطلی کی صورت میں میں ہونے والے بھاری اخراجات اور نئے انتخابات کے انعقاد کے امکان کو مدنظر رکھا تھا۔
عدالت عظمیٰ کی بنچ نے کہا کہ یہ سزا کو معطل کرنے کی بنیاد نہیں ہونی چاہئے ۔ فیصل نے دفاع میں راہل گاندھی کے کیس کا حوالہ دیا تھا، لیکن عدالت عظمیٰ نے اس دلیل کو قبول نہیں کیا۔
فیصل کی نمائندگی کرنے والے سینئر وکیل اے ایم سنگھوی نے عدالت عظمیٰ کے سامنے دلیل دی کہ اگر عدالت ہائی کورٹ کے نقطہ نظر سے اتفاق نہیں کرتی ہے تو اس معاملے کو ہائی کورٹ کو بھیجا جا سکتا ہے ، اور انہیں ایم پی کے طور پر برقرار رہنے کی اجازت دی جا سکتی ہے ۔
عدالت عظمیٰ کا یہ حکم مرکز کے زیر انتظام علاقے لکشدیپ کی انتظامیہ اور شکایت کنندہ کی طرف سے دائر درخواستوں پر آیا ہے ۔
درخواست گزاروں نے کیرالہ ہائی کورٹ کے ذریعہ 25 جنوری کو فیصل کے قصور اور سزا کو معطل کرنے کے حکم کو چیلنج کیا تھا۔
لکشدیپ کے کواراتی میں سیشن جج کی عدالت نے 11 جنوری 2023 کو فیصل اور تین دیگر کو آنجہانی مرکزی وزیر پی ایم سعید کے داماد محمد صالح کو قتل کرنے کی کوشش کے الزام میں 10 سال قید بامشقت اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔