لاہور //ہندوستان کے سابق کوچ روی شاستری نے آنے والے میگا ٹورنامنٹس سے قبل ہندوستان کے لیے چوتھے نمبر پر بیٹنگ کی جاری جدوجہد کا حل تجویز کیا ہے۔ ایک انٹرویو میں بات کرتے ہوئے روی شاستری نے کہا کہ ویرات کوہلی کو اس اہم کردار میں تعینات کرنے سے ممکنہ طور پر ہندوستانی ٹیم کا دیرینہ مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر نے مزید کہا کہ ویرات کوہلی نے چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اس اقدام سے قومی ٹیم کو بہت زیادہ مدد مل سکتی ہے۔ روی شاستری کا کہنا تھا کہ "آپ جانتے ہیں کہ اگر ہم اوپر سے دو یا تین وکٹیں جلدی کھوئیں تو ہم ہار جاتے ہیں اور یہ ثابت ہو گیا تھا، اگر آپ ویرات کوہلی کے ریکارڈ کو دیکھیں تو وہ چوتھے نمبر پر کافی اچھے ہیں۔
ہندوستان نے حالیہ دنوں میں مڈل آرڈر کی اہم جگہ کو حل کرنے کے لیے کئی بلے بازوں کے ساتھ تجربہ کیا ہے، پھر بھی انھیں پوزیشن کے لیے کوئی موزوں امیدوار نہیں ملا۔ اس ماہ کے شروع میں روہت شرما نے کہا تھا کہ نمبر چار کے لیے قابل اعتماد امیدوار تلاش کرنا ہندوستانی ٹیم کے لیے گزشتہ چار یا پانچ سالوں میں ایک چیلنج رہا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ویرات کوہلی نے 42 ون ڈے میچوں میں چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 55.21 کی اوسط سے 1767 رنز بنائے جس میں 7 سنچریاں شامل ہیں۔ روہت شرما کی قیادت والی ٹیم اپنی ایشیا کپ 2023ء مہم کا آغاز 2 ستمبر کو پالیکیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان کے خلاف کرے گی۔