تاروبا//) ویسٹ انڈیز نے رومین پاول کے (32 گیندوں، 48 رنز) کے بعد جیسن ہولڈر (19/2) کی قیادت میں گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت جمعرات کے روز پہلے ٹی-20 میچ میں ہندوستان کو چار رنز سے شکست دی۔
ویسٹ انڈیز نے ہندوستان کو 150 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں ہندوستانی ٹیم نو وکٹوں کے نقصان پر صرف 145 رنز بنا سکی۔
اگرچہ کوئی بھی بلے باز ونڈیز کے لیے نصف سنچری اسکور نہ کرسکا، لیکن پاول اور نکولس پورن (34 گیندوں، 41 رنز) کی اننگز نے میزبان ٹیم کو اونچے اسکور تک پہنچا دیا۔
ہندوستان 15 اوور میں 113 رنز بنا کر ہدف کی طرف گامزن تھا، لیکن کیریبین ٹیم نے آخری پانچ اووروں میں پانچ وکٹیں لے کر اور صرف 32 رنز دے کر جیت حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم کو پاور پلے میں ویسٹ انڈیز کے واحد اسپنر عقیل حسین کا سامنا کرنا پڑا۔ عقیل نے پہلے اوور میں صرف تین رنز دیے اور تیسرے اوور میں شبھمن گل (تین) کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ایشان کشن (چھ) بھی چھوٹے اسکور پر آؤٹ ہوئے، حالانکہ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے تلک ورما نے دو چھکوں سے اپنا کھاتہ کھولا اور پاور پلے میں ہندوستان کو 45 رنز تک پہنچا دیا۔
تلک نے سوریہ کمار یادو کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 39 رنز جوڑے ، تاہم دونوں بلے باز 10 گیندوں کے اندر ہی پویلین لوٹ گئے۔ سوریہ کمار نے 21 گیندوں پر 21 جبکہ تلک نے 22 گیندوں پر دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے۔
جب ہندوستان کو 12 گیندوں پر 21 رنز درکار تھے تو اکشر پٹیل (13) کی وکٹ سے میزبان ٹیم کی شکست تقریباً یقینی تھی۔ ارشدیپ سنگھ نے 19ویں اوور میں دو چوکے لگائے لیکن روماریو شیفرڈ نے آخری اوور میں صرف پانچ رنز دے کر ویسٹ انڈیز کی فتح پر مہر ثبت کر دی۔
ادھر ہندوستان اور ویسٹ انڈیز پر جمعرات کو یہاں برائن لارا کرکٹ اکیڈمی اسٹیڈیم میں پہلے ٹی 20 میچ کے دوران سلو اوور ریٹ پر جرمانہ عائد کیا گیا۔
یہ اطلاع جمعہ کو آئی سی سی کی میڈیا ریلیز میں دی گئی۔ ہندوستان نے اپنی بولنگ اننگز کے دوران ایک اوور کم پھینکا جس کی وجہ سے ان کی میچ فیس کا پانچ فیصد کم کر دیا گیا۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز نے دو اوور کم کرائے جس کی وجہ سے ان کے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں دس فیصد کٹوتی ہوئی۔
یہ جرمانہ آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.22 کے مطابق کیا گیا ہے۔ قانون کے مطابق کھلاڑیوں کو اپنی ٹیم کی طرف سے مقررہ وقت میں ہر اوور نہ کروانے پر ان کی میچ فیس کا پانچ فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے کپتان روومین پاول اور ہندوستانی کپتان ہاردک پانڈیا دونوں نے جرم کا اعتراف کیا، جس کے بعد ٹرائل کی ضرورت نہیں تھی۔ یہ الزامات آن فیلڈ امپائر گریگوری براتھویٹ اور پیٹرک گسٹارڈ کے ساتھ ساتھ تھرڈ امپائر نائجل ڈوگائیڈ اور چوتھے امپائر لیسلی ریفر نے بھی لگائے۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں ہندوستان کو چار رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ باقی میچ گیانا اور فلوریڈا میں کھیلے جانے ہیں۔