سرینگر//
شمالی کشمیر کے پٹن علاقے میں پیر کی شام پیش آنے والے سڑک حادثے میں منگل کے روز ایک اور سرپنچ کے زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ دینے کے ساتھ اس حادثے میں مہلوکین کی تعداد تین ہوگئی۔
بتادیں کہ پٹن میں پیر کی شام ایک ایس آر ٹی سی بس اور ایک ٹپر کے درمیان ٹکر ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں بس ڈرائیور اوربس میں سوار ایک سرپنچ ہلاک جبکہ چھ دیگر زخمی ہوگئے تھے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس حادثے میں زخمی ہونے والے ایک اور سرپنچ منگل کے روز یہاں شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔
متوفی سرپنچ کی شناخت۵۶سالہ عبدالجبار ولد عبدالرحیم لون ساکن لچھی پورہ بارہمولہ کے بطور ہوئی ہے ۔
اس سڑک حادثے میں جس سرپنچ کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی تھی اس کی شناخت فیاض احمد بٹ ولد صمد بٹ ساکن گلگام کولگام کے بطور ہوئی تھی جبکہ بس ڈرائیور عبدالقیوم شاہ رات دیر گئے دم توڑ گیا تھا۔