ممبئی// دسمبر 2022 کے سڑک حادثے میں بال بال بچ جانے والے رشبھ پنت نے اپنی بحالی کے عمل میں "قابل ذکر پیش رفت” کرتے ہوئے بلے بازی اور وکٹ کیپنگ کی پریکٹس شروع کر دی ہے۔
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔
بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے ‘میڈیکل اپ ڈیٹ’ میں کہا، "انہوں نے (پنت) اپنے بحالی کے عمل میں قابل ذکر پیش رفت کی ہے اور نیٹ میں بلے بازی کے ساتھ ساتھ کیپنگ بھی شروع کر دی ہے۔ وہ فی الحال ان کے لیے بنائے گئے ایک فٹنس پروگرام کی پیروی کر رہے ہیں جس میں طاقت، لچک اور دوڑ شامل ہے۔”
قابل ذکر ہے کہ 30 دسمبر 2022 کو روڑکی میں اپنے گھر جاتے ہوئے پنت ایک سڑک حادثے میں بری طرح زخمی ہو گئے تھے، جس کی وجہ سے انہیں اپنے گھٹنے کی کئی سرجری کرانی پڑی۔
دریں اثنا، شاہ نے کہا کہ تیز گیند باز جسپریت بمراہ اور پرسدھ کرشنا اپنی بحالی کے عمل کے آخری مراحل میں ہیں اور نیٹ پر پوری چستی کے ساتھ بولنگ کر رہے ہیں۔
شاہ نے کہا، ’’دونوں تیز گیند باز اپنی بحالی کے آخری مراحل میں ہیں اور نیٹ پر پوری چستی کے ساتھ بولنگ کر رہے ہیں۔ یہ جوڑی اب نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کے زیر اہتمام کچھ پریکٹس میچ کھیلے گی۔ بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم ان کی پیشرفت سے خوش ہے اور وارم اپ میچوں کے بعد ان کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کرے گی۔
بمراہ نے تقریباً ایک سال سے ہندوستان کے لیے کوئی میچ نہیں کھیلا ہے۔ وہ آخری بار ستمبر 2022 میں قومی ٹیم کے لیے میدان میں نظر آئے تھے۔ دوسری طرف، پرسدھ اس سال آئی پی ایل سے اسٹریس فریکچر کی وجہ سے باہر ہو گئے تھے۔
شاہ نے کے ایل راہل اور شریاس ائیر کی حالت سے بھی آگاہ کیا۔ دونوں بلے بازوں نے پریکٹس سیشنز میں بیٹنگ شروع کر دی ہے اور فی الحال اسٹرینتھ اور فٹنس سیشنز میں حصہ لے رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا، "بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم ان کی پیشرفت سے مطمئن ہے اور آنے والے دنوں میں مہارت، طاقت اور کنڈیشنگ کی شدت میں اضافہ کرے گی۔”