سرینگر//
شدید بارش کے بعد دریائے جہلم اور دیگر معاون ندیوں میں پانی کی سطح میں اضافے کے درمیان، حکومت نے ہفتے کے روز کہا کہ وہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
چیف انجینئر، آبپاشی اور فلڈ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ، نریش کمار نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا’’ہماری ٹیمیں پہلے ہی کسی بھی منفی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہو چکی ہیں۔ جہلم اور دیگر آبی ذخائر میں پانی کی سطح بڑھ رہی ہے، لیکن محکمہ موسمیات کے مطابق موسم دوپہر میں بہتر ہونے والا ہے‘‘۔
کمار نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
اس سے قبل محکمہ نے ایک سرکیولر بھی جاری کیا جس میں تمام فلڈ زونل کمیٹیوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی۔
سرکیولر میں لکھا گیا ہے ’’محکمہ موسمیات کی جانب سے ۸؍اور ۹جولائی تک موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر تمام فلڈ زونل کمیٹیوں کو اپنے اپنے دائرہ اختیار میں الرٹ رہنے اور صورت حال کی قریب سے نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے‘‘۔
اس میں مزید کہا گیا کہ کمیٹیاں سیلاب سے نمٹنے کی مشینری کو کسی بھی سیلاب جیسی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر متحرک کرنے کے لیے تیار رکھیں گی۔
مزید برآں دریائے جہلم اور دیگر آبی ذخائر میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔گیج ریڈنگ کے مطابق صبح ۱۱ بجے تک تمام مقامات پر پانی خطرے کے نشان سے نیچے بہہ رہا تھا۔