نئی دہلی،// چھتیس گڑھ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بدھ کو یہاں کانگریس کی ایک اہم میٹنگ ہوئی جس میں مرکز اور ریاست کے سینئر لیڈروں نے شرکت کی اور انتخابی حکمت عملی پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔
میٹنگ کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے چھتیس گڑھ کی جنرل سکریٹری انچارج کماری سیلجا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ چھتیس گڑھ انتخابات پر تفصیلی بات چیت ہوئی، جس میں پارٹی کے سینئر لیڈروں نے بات چیت کرتے ہوئے اپنے خیالات رکھے ۔ اجلاس میں حکومت اور تنظیم پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں سب نے کہا کہ مل کر پوری قوت سے الیکشن لڑیں گے ۔
محترمہ سیلجا کے مطابق پارٹی کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے میٹنگ میں کہا "ہمارے لیے آئین سب سے اہم ہے ۔ بی جے پی کے پاس مذہبی باتوں کے علاوہ کوئی ایجنڈا نہیں ہے ۔ ہمارا کام اور نظریہ کا ایجنڈا ہے "۔
پارٹی لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ ہمیں تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنا ہے ۔ کانگریس کا نظریہ ملک اور سماج کو آگے رکھتا ہے ۔
اس سے پہلے چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے میٹنگ کے بارے میں ٹویٹ کیا اور کہا، "آج یہاں کانگریس ہیڈ کوارٹر میں، عزت مآب قومی صدر ملک ارجن کھڑگے ، ہمارے لیڈر راہل گاندھی، تنظیم کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال جی، چھتیس گڑھ کی ریاستی انچارج کماری سیلجا، ریاستی صدر موہن سنگھ مرکم جی اور سینئر لیڈروں کی موجودگی میں ‘‘نوا چھتیس گڑھ’’ کے ماڈل سے عوام کی زندگیوں میں آنے والی تبدیلیوں اور آئندہ اسمبلی انتخابات کے بارے میں اہم بات چیت ہوئی۔
مسٹر کھڑگے نے بعد میں ٹویٹ کیا، "گڑھبو نوا چھتیس گڑھ” ہمارے لیے صرف ایک نعرہ نہیں ہے ، یہ چھتیس گڑھ کی ترقی اور سماجی انصاف کے لیے ایک مقصد ہے ۔ چھتیس گڑھ کے عوام اور کانگریس پارٹی پر ان کا غیر متزلزل اعتماد ترقی کے مسلسل دھارے کو آگے بڑھاتا رہے گا۔ ہم مل کر کام کریں گے اور چھتیس گڑھ کے لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی لانا جاری رکھیں گے ۔