ماسکو//
واگنر کے کمانڈر ایوگنی پریگوزن نے روسی صدر ولادیمیر پوتین کو ان کی تقریر کا فوری جواب دے دیا ہے۔ روسی صدر نے اپنے بیان میں فوج کے خلاف باغیوں کو سخت سزا دینے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ بلا کسی تاخیر کے جواب دیتے ہوئے پریگوزن نے کہا ہے کہ پوتین نے غلط انتخاب کیا اور اپنی تقریر میں اپنی فوج کے غداروں اور باغیوں کا ذکر کرنے سے گریز کیا۔
واگنر کمانڈر پریگوزن نے ٹیلی گرام پر اپنے چینلز کے ذریعہ شائع ہونے والے بیانات میں یہ بھی کہا کہ روس میں جلد ایک نیا صدر آئے گا۔ ان کے بیانات بعد میں ہٹا دیے گئے۔ پریگوزن کے بیان سے ماسکو کے ساتھ مفاہمت کی امید ختم ہوتی جارہی ہے۔ اس طرح کے بیانات کو واضح طور پر ریڈ لائنز عبور کرنے کے طور پر دیکھا جائے گا۔
واضح رہے واگنر کے کمانڈر پریگوزن نے روسی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو پر بھی سخت تنقید کی تھی۔ پریگزوزن نے کہا کہ وزیر دفاع نے اپنے مفادات اور خواہشات کے لیے اپنی افواج کو تعلقات عامہ کے آلات میں تبدیل کر دیا ہے۔