نئی دہلی// کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) اور سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے رہنماؤں نے جمعہ کو دہلی کے جہانگیرپوری علاقے کا دورہ کیا، جہاں ہنومان جینتی کے دن تشدد ہونے کے بعد بدھ کے روز شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن (این ڈی ایم سی)نے علاقے میں تجاوزات (غیر قانونی قبضے)کے خلاف مہم شروع چلائی تھی۔
سی پی آئی کے وفد کی قیادت پارٹی کےجنرل سکریٹری ڈی راجہ اور ایس پی کے لوک سبھا رکن شفیق الرحمن برق نے کی۔
موقع پر تعینات پولیس فورس نے ان رہنماؤں کو 16 اپریل کو ہونے والے فرقہ وارانہ تشدد کے عینی شاہدین اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے زیر اقتدار میونسپل کی غیرقانونی قبضے کے خلاف مہم سے متاثر ہونے والوں سے ملنے کی اجازت نہیں دی۔
سی پی آئی کے رہنما ڈی راجہ نے صحافیوں سے کہا،’سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود، بلڈوزر ایک گھنٹے سے زیادہ چلتا رہا۔ بغیر نوٹس کے اس طرح کی کارروائی غیر آئینی ہے۔ ہم یہاں متاثرین سے ملنے آئے ہیں‘۔