سرینگر//
جموں کشمیر میں انتظامیہ نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے تیاریاں شروع کر دی ہیں اور اس ضمن میں پہلے بلدیاتی حلقوں بشمول میونسپل کارپوریشنز اور میونسپل کونسلز کی حدبندی اور ووٹر رویڑن کیا جائے گا۔
انتظامیہ نے اس سلسلے میں ایک سینئر کے اے ایس افسر‘ انیل کول کو نوڈل افسر نامزد کیا ہے۔ انیل کول محکمہ ہاؤنسگ اور شہری ترقی کے سیکریٹری کے عہدے پر تعینات ہے۔ مذکورہ محکمہ کے پرنسپل سیکورٹی پرشانت گوئل کی جانب سے جاری حکمنامے کے مطابق انیل کول کو بلدیاتی انتخابات۲۰۲۳ کے انعقاد کیلئے نوڈل افسر نامزد کیا جا رہا ہے۔
بطور نوڈل افسر انیل کول چیف الیکٹورل افسر جموں کشمیر پنڈورنگ پولے، ضلع کمشنرز، میونسپل کارپوریشنز کے کمشنرز اور ڈائریکٹر بلدیاتی محکمہ کے ساتھ تعاون کرکے بلدیاتی حلقوں میں حدبندی اور ووٹر رویڑن کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ میونسپل کارپوریشن اور کونسلز کے ساتھ بھی رابطہ کریں گے اور ڈپٹی سیکریٹری محکمہ بلدیات کو مذکورہ انتخابات منعقد کرنے کے لئے لائیڑن افسر نامزد کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں سرینگر اور جموں شہروں میں میونسپل کارپوریشنز ہیں جبکہ دیگر اضلاع میں ۷۸میونسپل کمیٹیز یا کونسلز ہیں۔ ان بلدیاتی حلقوں میں اکتوبر۲۰۱۸میں انتخابات منعقد کئے گئے تھے جب نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے ان کا بائیکاٹ کیا تھا۔ ان دونوں جماعتوں نے ان انتخابات میں حصہ لینے کی شرط دفعہ ۳۷۰ ؍اور۳۵؍اے کی حفاظت رکھی تھی۔ ان دنوں بی جے پی حکومت دفعہ۳۷۰کی منسوخی کے متعلق کافی بیانات جاری کر رہی تھی۔ تاہم مرکزی سرکار نے کوئی شرط منظور نہیں کی اور ایک سال بعد دفعہ۳۷۰؍ اور۳۵؍ اے کو منسوخ کر دیا۔
۲۰۱۸ کے ان بلدیاتی انتخابات میں بی جے پی نے جموں شہر کے میونسپل کارپوریشن میں بھاری اکثریت سے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ سرینگر کارپوریشن دیگر میونسپل کمیٹیز اور کارپوریشنز میں بی جی پی یا انکے پراکسی امیدواروں نے میدان مار لیا تھا۔
آنے والے بلدیاتی انتخابات میں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی ہیں جس کے لئے وہ تیاریاں کر رہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جموں کشمیر میں رواں برس ستمبر اور اکتوبر میں بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات منعقد کئے جانے کا امکان ہے۔