سرینگر//
سرینگر میں جمعرات کی شام سڑک حادثے میں دو بچوں کی ماں کی موت ہو گئی۔
اہل خانہ نے الزام لگایا کہ فورس کی گاڑی نے اسکوٹی کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں عاکفہ امتیاز کی موت ہوگئی۔
خاندانی ذرائع نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ عبداللہ برج راج باغ سری نگر کے قریب سی آر پی ایف کی ایک گاڑی نے ایک اسکوٹی کو ٹکر ماری۔ موٹر سائیکل سوار عاکفہ امتیا موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ اسکوٹی کو متوفی کے بیٹے نے چلایا تھا جس کا تعلق چھانہ پورہ سری نگر سے تھا۔
پولیس نے اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
جموں کشمیر کے راجوری اور کشتواڑ اضلاع میں جمعرات کی صبح دو الگ الگ سڑک حادثات میں۲خواتین سمیت ۳کی موت جبکہ ایک کمسن سمیت ۴؍افراد زخمی ہوگئے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ راجوری میں سموت سے ترگائی جارہی ایک آلٹو گاڑی جمعرات کی صبح ایک کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں۲خواتین کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوگئی جبکہ ایک بچی سمیت تین دیگر زخمی ہوگئے ۔
حادثہ پیش آتے ہی پولیس اور مقامی لوگ جائے واردات پر پہنچ گئے اور بچائو آپریشن شروع کر دیا۔ زخمیوں کو علاج و معالجے کیلئے نزدیکی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں سے ان کو گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری ریفر کیا گیا۔
متوفی خواتین کی شناخت ۴۰سالہ ایشا زوجہ محمد نذیر اور شہناز اختر زوجہ محمد الطاف شاہ جبکہ زخمیوں کی شناخت ۵۰سالہ ایوب شاہ ولد غلام نبی شاہ‘۶۵سالہ محمد اکبر شاہ ولد مہندی شاہ اور دس سالہ بچی کے بطور ہوئی ہے ۔
پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔
دریں اثنا کشتواڑ کے سنتھن ٹاپ پر جمعرات کی صبح ایک سڑک حادثے میں ایک مسافر کی موت جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اننت ناگ سے کشتواڑ جارہی ایک پرائیویٹ گاڑی جمعرات کی صبح قریب پونے۸بجے سنتھن ٹاپ سے نیچے گر گئی جس کے نتیجے میں ایک مسافر کی موت جبکہ اس کا دوسرا ساتھی شدید زخمی ہوگیا۔
متوفی کی شناخت لطیف احمد ملک ساکن اننت ناگ جبکہ زخمی کی شناخت عامرالیاس وانی ولد الیاس احمد وانی ساکن اننت ناگ کے بطور ہوئی ہے ۔زخمی کو علاج و معالجے کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔