کیف//
جنگ زدہ ملک یوکرین کے ایک کروڑ پتی نے حال ہی میں اپنے ملک کی فوج سے کہا کہ وہ اس کی حال ہی میں تعمیر کی گئی حویلی پر بمباری کرے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق یوکرین کے کروڑ پتی شخص نے دیکھا کہ قابض روسی افواج، اس کی حویلی کو کیف میں راکٹ فائر کرنے کے لیے اڈے کے طور پر استعمال کر رہی ہے تو یہ دیکھ کر امیر ترین شخص نے اپنی حویلی کے کوآرڈینیٹ یوکرین کی مسلح افواج کو دیے اور ان سے کہا کہ وہ اس پر بمباری کریں۔
ایک شو میں گفتگو کرتے ہوئے یوکرین کے کروڑ پتی شخص نے کہا کہ روسی فوجیوں کو اپنے گھر میں گھومتے اور اسے آپریشن کے اڈے کے طور پر استعمال کرتے دیکھ کر وہ "ناگوار” محسوس کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ جنگ کے خوف سے ملک سے بھاگ کر پولینڈ چلے گئے لیکن اپنی سکیورٹی ٹیم کے ارکان کوحویلی میں ہی چھوڑ دیا تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ان کے سیکیورٹی عملے کو یرغمال بنایا گیا اور ان کے فون چھیننے کے بعد، اُنہیں برہنہ کرکے پوچھ گچھ کی گئی۔
اُس شخص نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ روسی فوجی بنیادی طور پر دوسرے گھروں کو لوٹ رہے تھے اور دوسرے گھروں سے حویلی میں سامان لا رہے تھے، اور وہاں سے ٹرکوں میں ٹی وی، آئی پیڈ، کمپیوٹر، دوسرے لوگوں کا ذاتی سامان لاد رہے تھے۔
گڈ مارننگ برطانیہ نامی شو کو انٹریو دیتے ہوئے اُس شخص نے بتایا کہ اس نے اپنی جائیداد پر 12 فوجی گاڑیاں کھڑی دیکھی ہیں، جن میں سے کچھ میں راکٹ لانچر سسٹم موجود ہیں لہٰذا وہ بنیادی طور پر حویلی کو گولی باری کے لیے استعمال کررہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ میں یوکرین کی جیت میں ہر ممکن مدد کرنا چاہتا ہوں کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ ہم یورپ کی حفاظت کر رہے ہیں اور ہمارے لیے یہ ضروری ہے کہ ہم قابض روسی فوج کو اپنی سرزمین سے باہر نکال دیں۔