کنگسٹن//
ویسٹ انڈیز کے بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے جارح مزاج بلے باز کرس گیل نے کیرون پولارڈ کی ریٹائرمنٹ پر کہا کہ یقین نہیں آرہا آپ مجھ سے پہلے ریٹائر ہوگئے۔مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کرس گیل نے پولارڈ کو بین الاقوامی کیریئر پر مبارکباد دی اور کہا کہ ریٹائرمنٹ مبارک ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ آپ کے ساتھ کھیل کر بہت اچھا لگا۔کرس گیل نے کہا کہ آپ کی زندگی کے دوسرے مرحلے کےلیےمیری نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں۔
خیال رہے کہ ویسٹ انڈین وائٹ بال ٹیم کے کپتان کیرون پولارڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔سوشل میڈیا پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ میرے لیے فخر کی بات ہے کہ میں نے ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی۔خیال رہے کہ کیرون پولارڈ نے ویسٹ انڈیز کی 123 ون ڈے اور 101 ٹی ٹوئنٹی میچز میں نمائندگی کی۔پولارڈ نے 2007 میں ون ڈے اور 2008 میں ٹی 20 انٹرنیشنل میچز سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔