سرینگر//
سرینگر میں منعقد ہو رہے جی ٹونٹی ٹورازم ورکنگ گروپ اجلاس کے تیسرے اور آخری دن مندوبین نے جھیل ڈل کے کناروں پر واقع مشہور مغل باغات کی سیر کی اور سرینگر کے قلب میں پولو ویو مارکیٹ کا دورہ بھی کیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مختلف جی ٹونٹی ممالک کے مندوبین نے نشاط باغ کی سیر کی اور وہاں کے دلکش نظاروں سے محظوظ ہوئے ۔ مندوبین کو باغ میں سیاحوں کے ساتھ تصویریں کھینچتے ہوئے دیکھا گیا اور بعض مندوبین نے کشمیر کا مخصوص روایتی لباس زیب تن کرکے گروپ تصویریں بھی کھینچیں۔امکانی طور پر مندوبین لالچوک میں واقع پولو ویو مارکیٹ کا بھی دورہ کریں گے ۔
بتادیں کہ سرینگر میں۲۲مئی کو سہہ روزہ جی ٹونٹی ٹورزم ورکنگ گروپ اجلاس شروع ہوا۔یہ دفعہ ۳۷۰کی تنسیخ کے بعد جموں وکشمیر میں منعقد ہونے والا سب سے برا بین الاقوامی سطح کا اجلاس ہے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ انتہائی اہمیت کے حامل اس اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے زائد از۷۰ مندوبین اس وقت سری نگر میں موجود ہیں جو دہلی سے دو چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے سری نگر پہنچے ۔
وادی کشمیر میں منعقد ہونے والے اس سہہ روزہ اجلاس کی نگرانی کیلئے تین درجے کی سیکورٹی گرڈ کا بندوبست کیا گیا ہے اور مقام اجلاس کے گرد وپیش نیشنل سیکورٹی گارڈز (این ایس جی) اور مارکوس کماننڈوز کو تعینات کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ فضائی نگرانی کے لئے ڈرون نصب کئے گئے ہیں۔
اس دوران مندوبین نے پولو مارکیٹ کے اپنے دورے کے دوران خوشی اور مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ کشمیر جتنا خوبصورت یے اتنے ہیں یہاں کے لوگ مہمان نواز ہے۔ انہوں نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں سیاحت کے لیے کافی وسائل موجود ہیں تاہم ان وسائل کو بین الاقوامی سطح کا بنانے کی ضرورت ہے۔
جی ٹونٹی مندوبین نے کہا کہ کشمیر کا یہ دورہ آنے والے وقت میں کافی سود مند ثابت ہوگا اور کئی ممالک کشمیر کے تئیں اپنی ایڈوائزی کو ختم کرتے سکتے ہیں اور کشمیر میں بیرون ممالک کے سیاحوں کو آمد دیکھنے کو ملے۔انہوں مزید کہا کہ ہم اپنے اپنے ممالک میں جاکر کشمیر کی مثبت تشہیر کرے گے جس سے یہاں بین الاقوامی سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔
نیدرلینڈ کے ایلچی جوائس نے پولو ویو مارکیٹ کے دورے کے دوران کہا کہ جی ٹونٹی سربراہی اجلاس سے اچھے نتائج کی توقع کرتے ہیں کیونکہ ہندوستان نے اچھا کام کیا ہے۔
جوائس نے بازار کا دورہ کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ایک خوبصورت جگہ ہے اور سرینگر میں ان کے ۳روزہ قیام کے دوران حکومت نے ان کے لیے بہترین انتظامات کیے تھے۔
ایلچی نے کہا کہ وہ جی ٹونٹی اجلاس کے اچھے نتائج کی توقع کر رہے ہیں کیونکہ ہندوستان نے اچھا کام کیا ہے اور وہ گوا میں ہونے والی میٹنگ کے منتظر ہیں۔انہوں نے مزید کہا’’میں نے بازار سے ایک پشمینہ سکارف اور تکیے کا کور خریدا ہے‘‘۔
بتادیں کہ مندوبین کے دورہ پولو ویو کے پیش نظر وہاں بھی انتظامیہ نے تمام انتظامات کیے تھے۔ مارکیٹ میں صبح سے ہی سکیورٹی کا کڑا پہرا بٹھیایا گیا ہے۔وہیں پولو ویو مارکیٹ کے دکانداروں نے بھی اپنی دکانوں کی صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ کشمیر آرٹ اینڈ کرافٹ کی مصنوعات بہترین طریقے سے سجا کے رکھے ہیں۔