نئی دہلی//قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے پیر کے روز کہا کہ سائبر اسپیس کو لاحق ہونے والے کسی بھی خطرہ سے براہ راست ملک کی سماجی، اقتصادی اور قومی سلامتی اثر انداز ہوتی ہے، اس لیے اسے چست درست رکھنا بہت ضروری ہے۔
مسٹر اجیت ڈوبھال نے آج یہاں قومی سلامتی کونسل سکریٹریٹ کی طرف سے منعقدہ قومی سائبر مشق میں افتتاحی خطاب کرتے ہوئے ملک میں برپا ہونے والے ڈیجیٹل انقلاب کا تذکرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس کے تحت بہت سی ڈیجیٹل خدمات شروع کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سائبر سکیورٹی کسی بھی قسم کی ڈیجیٹل انقلاب کی کامیابی کا سنگ بنیاد ہے۔
مسٹر ڈوول نے کہا کہ ’’سائبر اسپیس پر کسی بھی قسم کے خطرہ سے ملک کی سماجی، اقتصادی اور قومی سلامتی متاثر ہوتی ہے، اس لیے ہمیں اب اپنی سائبر سکیورٹی درست کرنی ہوگی۔
مسٹر ڈوبھال کے علاوہ نیشنل سائبر سکیورٹی کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل راجیش پنت اور ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے چیئرمین ڈاکٹر جی ستیش ریڈی نے بھی پروگرام میں حصہ لیا۔ یہ دس روزہ مشق آج سے شروع ہو کر 29 اپریل تک جاری رہے گی۔ اس میں سرکاری اور نجی شعبے کی مختلف اہم تنظیموں اور ایجنسیوں کے 140 ماہرین کو سائبر سیکیورٹی کے چیلنج سے نمٹنے کی تربیت دی جائے گی۔