تحریر:ہارون رشید شاہ
لو جی اسی کو کہتے ہیں چھوٹا منہ بڑی بات اور…اور اپنے شہباز شریف نے واقعی میں اپنے اس چھوٹے موٹے منہ سے ایک بڑی بات کی ہے … بہت بڑی ۔ شہباز نے اپنے بھارتی ہم منصب‘مودی جی کے مبارکباد کے خط کے جواب میں دونوں ممالک میں دوستانہ تعلقات کی بات کہی ہے اور باہمی مسائل کو پر امن مذاکرات سے حل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔ یقینا بھارت سے پر امن اور اچھے تعلقات کی خواہش رکھنا کوئی جرم نہیں ہے … اور یہ اللہ میاں کی قسم کسی بھی طرح چھوٹا منہ بڑی بات نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے ۔چھوٹامنہ بڑی بات یہ ہے کہ اپنے شہباز شریف شریف کو خود معلوم نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے کہ ان کی عمر کیا ہو گی … اقتدار کی عمر کیا ہو گی ‘ کتنے دن یا کتنے ماہ کی ہو گی … اور ہند پاک میں مسائل کی عمر ۷۵ سال کی ہے ۔شہباز شریف ابھی تک اپنے اتحادیو ںکو کابینہ میں شمولیت اختیار کرنے پر قائل نہیں کر سکے ہیں … چنانچہ ایک ہفتہ سے وزارت اعظمیٰ کی کرسی پر براجمان ہونے کے باوجود شبہاز تن تنہا ملک کو سنبھال رہے ہیں ‘ حکومتی کاموں میں ان کا ہاتھ بٹانے کیلئے ابھی کوئی کابینہ تشکیل نہیں ہو پائی ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہو پائی ہے ۔ زرداری اپنی سیاست کھیل رہے ہیں… ایسی سیاست جو بے چارے شہباز شریف کی سمجھ میں نہیں آئیگی اور… ارور بالکل بھی نہیں آئیگی ۔مودی جی کے تہنیتی پیغام کا جواب دینے تو ٹھیک ہے اور شہباز شریف نے یہ رسم پوری کر دی ہے … رہی بات دونوں ممالک کے باہمی مسائل کو حل کرنے کی بات تو… تو یہ بات مودی جی بھی جانتے ہیں اور… اور مانتے ہیں کہ ان کے پاکستانی ہم منصب نے واقعی میں چھوٹا منہ بڑی بات کی ہے اور… اور سو فیصد کی ہے ۔پاکستان میں نئے الیکشن ہونے کے بعد نئی حکومت کی تشکیل تک دونوں ممالک میں کسی سطح کی بات چیت کا امکان زیادہ نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے اور یہ بھی تو سچ ہے کہ شہباز شریف جس مسئلہ کشمیر کو باہمی مذاکرات سے پر امن طور پر حل کرنے کی بات کررہے ہیں… اس کی خواہش ظاہر کررہے ہیں…کوئی انہیں بتا ئے کہ وہ خود کو اپ ڈیٹ کریں ‘ اپنی معلوم کو تازہ رکھیں کہ … کہ اس مسئلہ کو تو مودی جی نے اکیلے ہی ۵؍اگست ۲۰۱۹ کو حل کیا … اور … اور ہاں وہ بھی پر امن طریقے سے حل کیا ۔ ہے نا؟