حیدرآباد// دہلی کیپٹلس کے بائیں ہاتھ کے اسپنر کلدیپ یادو نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف سنسنی خیز جیت کے بعد کہا کہ تمام گیند بازوں کا ایک یونٹ کے طور پر کام کرنا ہی اس جیت کی وجہ ہے۔
اپنے بلے بازوں کی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے دہلی سن رائزرز کے سامنے صرف 145 رنز کا ہدف دے سکی، حالانکہ اس کے گیند بازوں نے بہترین نظم و ضبط کے ساتھ سن رائزرز کو 20 اوورز میں 137 رنز تک محدود کر دیا۔
کلدیپ نے پیر کو میچ کے بعد نامہ نگاروں سے کہاکہ ”ہم نے باؤلنگ یونٹ کے طور پر اچھا مظاہرہ کیا۔ پاور پلے میں اچھی بولنگ کی۔ میں اور اکشر (پٹیل) نے مقابلہ جاری رکھا (درمیانی اووروں میں) اور (آنرک) نورکھیا اور مکیش (کمار) نے آخری چار اووروں میں اپنا کردار ادا کیا۔”
انہوں نے کہاکہ “وارنر نے محسوس کیا کہ ہدف کا تعاقب کرنا مشکل تھا۔ بحیثیت کپتان وہ باؤلنگ یونٹ پر بھروسہ کرتے رہے اور صحیح فیلڈ ترتیب دے کر باؤلرز کا ساتھ دیا۔ یہ اہم تھا (جیت کے لیے)۔
دہلی، جس نے گزشتہ میچ میں اس سیزن کی اپنی پہلی جیت درج کی، ٹاس جیت کر بلے بازی کرنے کے بعد اچھی شروعات کی، حالانکہ واشنگٹن سندر نے آٹھویں اوور میں تین وکٹ لے کر میچ کا رخ موڑ دیا۔ دہلی ان جھٹکوں سے ابھر نہیں پایا اور منیش پانڈے-اکشر پٹیل کی چھٹی وکٹ کے لیے 69 رنز کی شراکت کے باوجود صرف 144 رنز ہی بنا سکی۔
کلدیپ نے کہاکہ واشنگٹن نے بہت اچھی گیند بازی کرتے ہوئے تین وکٹ لیے۔ ضروری تھا کہ ہمارے اسپنرز بھی نظم و ضبط کے ساتھ بولنگ کرتے۔ کپتان (وارنر) کے منصوبے بہترین تھے۔
سن رائزرز کو آخری اوور میں سندر اور مارکو جانسن کریز پر 13 رنز درکار تھے۔ سندر نے پہلی گیند پر دو رنز لیے، لیکن مکیش نے اگلی پانچ گیندوں پر صرف تین رنز دے کر دہلی کو جیت دلائی۔
مکیش کی گیند بازی پر کلدیپ نے کہاکہ ’’وہ اب تک اچھی بولنگ کر رہے ہیں۔ یہ ان کا پہلا آئی پی ایل سیزن ہے۔ آخری اوور کرنا آسان نہیں تھا لیکن وہ ہر روز اپنی بولنگ میں بہتری لا رہے ہیں۔‘‘
دہلی کا اگلا مقابلہ سنیچر کو نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں سن رائزرس کے خلاف ہے۔ کلدیپ کو امید ہے کہ ان کی ٹیم اگلے میچ سے قبل اپنی بلے بازی میں بہتری لانے میں کامیاب ہو جائے گی۔
کلدیپ نے کہاکہ "جب ہم کچھ دنوں میں دہلی میں سن رائزرس سے دوبارہ مقابلہ کریں گے، تو ہم مسلسل دوسری جیت کے ساتھ اپنی رفتار کو جاری رکھنے کی امید کریں گے۔ ہم نے پہلے پانچ میچ ہارے، ہم نے باؤلنگ اور فیلڈنگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ہمیں بلے سے بہتری کی ضرورت ہے اور امید ہے کہ ہم آنے والے میچوں میں ایسا ہی کریں گے۔