نئی دہلی//کانگریس نے جمعہ کو پارٹی صدر سونیا گاندھی کو ڈیجیٹل ممبرشپ کارڈ مہم کے حصہ کے طور پر ڈیجیٹل کارڈ فراہم کیا۔
پارٹی کی ڈیجیٹل ممبرشپ مہم یکم نومبر 2021 کو شروع کی گئی تھی اور اس کے تحت پہلا رجسٹرڈ ڈیجیٹل کارڈ پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی کو دیا گیا تھا۔ پارٹی نے مہم کے اختتام پر آج محترمہ گاندھی کو ممبرشپ ڈیجیٹل کارڈ حوالے کیا۔
پارٹی نے کہا کہ ڈیجیٹل ممبر شپ مہم کے تحت اس نے ملک کے تمام اسمبلی حلقوں کے تقریباً تمام بوتھس پر 2.6 کروڑ ممبران کو ڈیجیٹل کارڈ مہم سے جوڑا ہے۔ اس ڈیجیٹل رکنیت کے لیے صرف وہی لوگ اہل تصور کیے جاتے ہیں جن کی رکنیت کی تصدیق کسی مجاز رکن سے ہوئی ہو۔ یہ رکنیت مہم موبائل فون میں کانگریس ممبرشپ ایپ کے ذریعے چلائی گئی۔ اس ایپ کے ذریعے اندراج ہونے والے ہر فرد کو تمام طریقہ کار پر عمل کرنے کے بعد ایک ڈیجیٹل شناختی کارڈ فراہم کیا جاتا ہے اور اس کی صداقت کیو آر کوڈیڈ ہے۔ اس عمل کے ایک حصے کے طور پر پارٹی کی طرف سے منظور شدہ پانچ لاکھ سے زیادہ نامزد افراد کا ایک نیٹ ورک بنایا گیا تھا تاکہ ملک کے کونے کونے سے ممبران کو نامزد کیا جا سکے تاکہ ممبران کو ڈیجیٹل کارڈ دیا جا سکے، جس نے اس مہم کو گھر گھر جا کر کامیاب بنایا۔
کانگریس ڈیٹا اینالیٹکس ڈپارٹمنٹ کے صدر پروین چکرورتی نے بتایاکہ "جب سے ہم نے مہم شروع کی ہے بنیادی توجہ ممبرشپ کی تعداد بڑھانے کے بجائے معیار پر مرکوز رہی ہے۔ جس ممبر کو یہ کارڈ دیا گیا تھا اس کی شناخت ووٹر آئی ڈی، تصویر اور فون نمبر کے تین درجوں کی بنیاد پر کی گئی اور مکمل تصدیق کے بعد اسے یہ کارڈ جاری کیا گیا۔ یہ کارڈ صرف تصدیق شدہ اندراج کے ذریعے استعمال کیا جا سکتا ہے۔”
کانگریس نے کہا کہ پارٹی کی 135 سالہ تاریخ میں پہلی بار اس نے ڈیجیٹل ممبرشپ مہم شروع کی ہے اور اس کارڈ کا استعمال اندرونی اور تنظیمی انتخابات کے ساتھ ساتھ تنظیم کو مضبوط کرنے کے لیے کیا جائے گا۔