کوچی، 24 اپریل (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی، جو کیرالہ کے دو روزہ دورے پر ہیں، پیر کی شام کوچی میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے زیر اہتمام ‘یووم-2023 کنکلیو’ سے خطاب کریں گے ۔
یہاں بحریہ کے ہوائی اڈے آئی این ایس گروڈا پہنچنے کے بعد مسٹر مودی تھیورا کے سیکرڈ ہارٹس کالج گراؤنڈ تک روڈ شو میں حصہ لیں گے ، جہاں وہ یووم 2023 کانکلیو سے خطاب کریں گے ۔وزیر اعظم ترووننت پورم سنٹرل اسٹیشن پر ترووننت پورم اور کاسرگوڈ کے درمیان کیرالہ کی پہلی وندے بھارت ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھائیں گے ۔ یہ ٹرین 11 اضلاع یعنی ترووننت پورم، کولم، کوٹائم، ایرناکولم، تھریسور، پلکاڈ، پٹھانمتھیٹا، ملاپورم، کوزی کوڈ، کننور اور کاسرگوڈ کا احاطہ کرے گی۔
وزیراعظم 3200 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور قوم کے نام وقف کریں گے ۔ وزیر اعظم کوچی واٹر میٹرو کو بھی قوم کے نام وقف کریں گے ۔ اپنی نوعیت کا یہ پروجیکٹ کوچی کے ارد گرد کے 10 جزیروں کو بیٹری سے چلنے والی الیکٹرک ہائبرڈ کشتیوں کے ذریعے کوچی شہر کے ساتھ ہموار رابطے کے لیے جوڑتا ہے ۔ کوچی واٹر میٹرو کے علاوہ وزیر اعظم ڈنڈیگل-پلانی-پالکڈ سیکشن کی ریل برق کاری کو بھی ملک کے نام وقف کریں گے ۔
اس تقریب کے دوران وزیر اعظم مختلف ریل پروجیکٹوں کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے جن میں ترووننت پورم، کوزی کوڈ، ورکلا شیواگیری ریلوے اسٹیشنوں کی تزئین کاری شامل ہے ۔ ترووننت پورم کے علاقے کی جامع ترقی بشمول نیمون اور کوچویلی نیز ترووننت پورم-شورانور سیکشن کی سیکشنل رفتار میں اضافہ شامل ہیں۔