رواں سال 50 اوورس کا عالمی کپ کھیلا جانا ہے جس کو لے کر سبھی ٹیمیں تیاریاں کر رہی ہیں۔ ہندوستانی ٹیم نے فی الحال ’مشن ورلڈ کپ‘ کی تیاری شروع نہیں کی ہے کیونکہ آئی پی ایل جاری ہے۔ یہ ٹورنامنٹ ختم ہوتے ہی ہندوستان 50 اوورس کے حساب سے اپنی ٹیم تیار کرنے کی کوشش کرے گا اور پریکٹس سیشن بھی شروع ہو جائے گا۔ اس درمیان بی سی سی آئی نے ہندوستان کے اہم تیز گیندباز جسپریت بمراہ اور بلے باز شریئس ایر کی فٹنس اپڈیٹ جاری کیا ہے۔ ہفتہ کے روز بی سی سی آئی نے جانکاری دی ہے کہ بمراہ نے واپسی کے لیے تیاری شروع کر دی ہے، جبکہ ایر آئندہ ہفتہ سرجری کروائیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ بمراہ پیٹھ کے نچلے حصے کی کامیاب سرجری کے بعد این سی اے (نیشنل کرکٹ اکادمی) میں اپنا ریہبلٹیشن شروع کر دیا ہے۔ ٹی-20 عالمی کپ میں نہیں کھیلنے والے بمراہ کو اس سال جنوری میں سری لنکا کے خلاف گھریلو وَنڈے سیریز کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ تب سے وہ ٹیم سے باہر چل رہے ہیں۔ وہ آئی پی ایل 2023 کے لیے ممبئی انڈینز کی ٹیم کا بھی حصہ نہیں ہیں۔ بورڈ نے بلے باز شریئس ایر سے متعلق بتایا کہ 28 سالہ یہ کھلاڑی آئندہ ہفتہ اپنی پیٹھ کے نچلے حصے کی سرجری کروائے گا۔ وہ این سی اے میں اس کے دو ہفتہ بعد ہی ریہبلٹیشن شروع کر دیں گے۔