نئی دہلی//مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو 16 اپریل کو پوچھ گچھ کے لیے سمن جاری کیا ہے ۔
سی بی آئی ذرائع نے جمعہ کو بتایا کہ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے رہنما مسٹر کیجریوال کو دہلی ایکسائز پالیسی-2021-22 میں مبینہ بے ضابطگیوں کے سلسلے میں اتوار کو پوچھ گچھ کے لئے یہاں سی بی آئی ہیڈکوارٹر بلایا گیا ہے ۔
اہم بات یہ ہے کہ اس الزام میں اے اے پی لیڈر سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کو سی بی آئی نے طویل پوچھ گچھ کے بعد 26 فروری کو گرفتار کیا تھا۔ بعد میں 9 مارچ کو سی بی آئی کیس میں ان کی عدالتی حراست کے دوران انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ان سے تہاڑ جیل میں پوچھ گچھ کی تھی۔
مسٹر سسودیا فی الحال سی بی آئی اور ای ڈی کے ذریعہ درج کیس میں عدالتی تحویل میں تہاڑ جیل میں بند ہیں۔
سی بی آئی کی طرف سے درج کیس میں خصوصی عدالت میں مسٹر سسودیا کی ضمانت کی درخواست خارج کر دی گئی تھی۔ اس کے بعد سسودیا نے ضمانت کے لیے دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کیا، جہاں جسٹس دنیش کمار شرما کی سنگل بنچ نے سی بی آئی کو اپنا جواب داخل کرنے کی ہدایت دی تھی۔ ہائی کورٹ اس معاملے کی اگلی سماعت 20 اپریل کو کرے گی۔
سی بی آئی نے الزام لگایا تھا کہ مسٹر سسودیا تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہے تھے ، اسی وجہ سے انہیں گرفتار کیا گیا۔
سی بی آئی نے 17 اکتوبر 2022 کو مسٹر سسودیا سے بھی پوچھ گچھ کی تھی۔
سی بی آئی نے 17 اگست 2022 کو مسٹر سسودیا اور 14 دیگر لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔