نئی دہلی// دہلی کی ایک عدالت نے سابق وزیر صحت ستیندر جین کی عرضی پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) سے جواب طلب کیا ہے ۔
مسٹر جین نے اپنی عرضی میں عدالت سے درخواست کی ہے کہ ان کا مقدمہ دوسرے جج کو منتقل کیا جائے ۔ پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج-کم-اسپیشل جج (سی بی آئی) ونے کمار گپتا نے درخواست کی سماعت کے بعد ای ڈی کو نوٹس جاری کیا اور معاملے کی مزید سماعت 4 مئی کو مقرر کی۔
مسٹر جین نے سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) اور ای ڈی کے ذریعہ اپنے خلاف درج دو مقدمات کو دوسرے جج کے پاس منتقل کرنے کی درخواست کی ہے ۔ ای ڈی نے پہلے کیس کو دوسرے جج کو منتقل کرنے کی درخواست دی تھی۔ اس کے بعد اس وقت کے پرنسپل ڈسٹرکٹ کم سیشن جج نے کیس کو خصوصی جج گیتانجلی گوئل سے خصوصی جج وکاس دھول کو منتقل کر دیا تھا۔
سی بی آئی نے 2017 میں مسٹر جین کے خلاف غیر متناسب اثاثے رکھنے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی تھی۔ سی بی آئی کی ایف آئی آر کی بنیاد پر ای ڈی نے ان کے خلاف ای سی آئی آر درج کیا اور ان پر مبینہ طور پر ان سے منسلک چار کمپنیوں کے ذریعے منی لانڈرنگ کا الزام لگایا۔ مسٹر جین کو گزشتہ سال 30 مئی کو ای ڈی نے گرفتار کیا تھا اور اب وہ تہاڑ جیل میں عدالتی حراست میں ہیں۔