لاہور//
ٹیسٹ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے رمضان المبارک کے تیسرے عشرہ کے آغاز پر ایک مسجد میں اللہ تعالی پر پختہ یقین پر تقریر کی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کلپ میں دائیں ہاتھ کے بلے باز کو مسجد میں کھڑا خطبہ دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ شاہین شاہ آفریدی بھی موجود ہیں۔ 30 سالہ وکٹ کیپر بلے باز جو اپنے مذہبی رجحان کے لیے جانے جاتے ہیں، نے اپنی تقریر کے دوران اللہ پر ایمان کی اہمیت پر زور دیا اور بتایا کہ یہ کس طرح زندگیوں کو نئی شکل دیتا ہے۔
غور طلب ہے کہ پشاور میں پیدا ہونے والے ٹیسٹ کرکٹر نے گزشتہ سال سہ فریقی سیریز کے دوران کرائسٹ چرچ میں مسلم کمیونٹی کو اسلامی نظریے پر خطبہ بھی دیا تھا۔
2021ء میں اسٹار بلے باز نے متحدہ عرب امارات میں ہونے والے T20 ورلڈ کپ 2021ء کے لیے سابق آسٹریلوی اوپنر اور پاکستان کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن کو قرآن پاک بھی پیش کیا۔
گزشتہ سال محمد رضوان کو تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے لیے نیدرلینڈز کی پرواز کے دوران قرآن پڑھتے ہوئے ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کافی پذیرائی ملی تھی۔ محمد رضوان جنہوں نے پاکستان کے لیے 80 ٹی ٹونٹی کھیلے ہیں، نیوزی لینڈ کے خلاف لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 14 اپریل بروز جمعہ سے شروع ہونے والی سیریز کے لیے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی دونوں اسکواڈز کا حصہ ہیں۔