بنگلورو،//) لکھنؤ سپر جائنٹس کے کپتان کے ایل راہل نے کہا ہے کہ رائل چیلنجرس بنگلور کے خلاف پیر کے روز بری طرح سے پیچھے ہونے کے بعد ایک رن سے جیت حاصل کرنا حیرت انگیز تجربہ تھا۔
213 کے بڑے ہدف کے تعاقب میں سپر جائنٹس نے پاور پلے میں 37 رنز پر تین وکٹیں گنوا دی تھیں لیکن مارکس ا سٹوئنس، نکولس پورن اور آیوش بڈونی کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت مہمان ٹیم جیت گئی۔
جہاں اسٹوئنس نے 30 گیندوں پر 65 رنز کی اننگز کھیلی، وہیں پورن نے 19 گیندوں پر 62 رنز کی شاندار شراکت کی۔ ان دونوں بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد بڈونی نے 24 گیندوں پر 30 رنز کی اننگز کھیل کر سپر جائنٹس کو جیت کی دہلیز پر پہنچا دیا۔
راہل نے میچ کے بعد کہا، "میرے خیال میں ٹی 20 میں بیٹنگ کی سب سے اہم پوزیشن نمبر پانچ، چھ اور سات ہوتی ہے۔ یہی وہ جگہ ہے جہاں دلچسپ میچ جیتے جاتے ہیں۔ اس طرح کے بڑے ٹورنامنٹ میں آپ کا ٹاپ آرڈر بڑا کردار ادا کرتا ہے لیکن نچلی صف کے بلے باز آپ کو میچ جیتاتے ہیں ”
انہوں نے کہا، "لہذا ہم نے پورن، اسٹوئنس اور آیوش کو موقع دیا، آیوش ایک نوجوان کھلاڑی ہیں جو کھیل کو ختم کرنے اور آخر تک رہنے کا ہنر جانتے ہیں۔ وہ گزشتہ سیزن میں کئی بار ایسا کر چکے ہیں اور اس سیزن میں بھی وہ وہ کر رہے ہیں ۔”
راہل نے اس جیت پر کہا، "ناقابل یقین! یہ چناسوامی ہے۔ میں یہاں بڑا ہوا ہوں ، میں جانتا ہوں کہ یہ ملک کا واحد میدان ہے جہاں میچ اکثر آخری گیند پر ختم ہوتے ہیں۔ ہم جس پوزیشن پر تھے وہاں سے جیتنا بہت پرجوش اور دلچسپ ہے۔ "