واشنگٹن///
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف فوجداری مقدمہ سے متعلق مرکزی کردار فحش اداکارہ سٹورمی ڈینیئلز نے کہا ہے کہ میں نہیں مانتی کہ مجھے دی گئی رقم چھپانے کی وجہ سے ٹرمپ جیل جانے کے حق دار بنتے ہیں۔
چوالیس سالہ سٹورمی ڈینیئلز نے جمعرات کو نشر ہونے والے "فاکس نیشن” کے پیئرز مورگن کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ میرے خلاف ٹرمپ کے جرائم ان کو جیل بھیجنے کے لائق ہیں۔ مجھے ایسا لگتا ہے دیگر چیزیں ہیں جن میں اگر وہ قصوروار پائے گئے تو یقیناً جیل کے مستحق ہیں۔
ٹرمپ پر منگل کو نیویارک میں 34 الزامات کے سلسلے میں کاروبار سے متعلق ریکارڈ کو غلط بنانے کے الزام میں فرد جرم عائد کی گئی تھی ۔ انہوں نے 2016 کے امریکی انتخابات سے قبل پلے بوائے کی سابق ماڈل کیرن میک ڈوگل کو ان کے ساتھ اپنے مبینہ انٹرویوز کی اشاعت روکنے کے لیے خاموش رقم ادا کی تھی۔
76 سالہ ٹرمپ کو ریاست واشنگٹن میں 2020 کے انتخابات کے نتائج کو تبدیل کرنے کی کوشش کرنے اور خفیہ دستاویزات کو غلط طریقے سے سنبھالنے کے الزام میں مجرمانہ تحقیقات کا بھی سامنا ہے۔ الیکشن میں ایک ریاست سے ہارنے کے بعد اس کے نتائج تبدیل کرنے کی کوشش میں بھی انہیں جارجیا میں ایک الگ مجرمانہ تحقیقات کا سامنا ہے۔
مین ہٹن کے استغاثہ نے ٹرمپ پر الزام لگایا کہ انہوں نے 2016 کی کامیاب مہم کے دوران انتخابی خلاف ورزیوں کو چھپانے کی کوشش کی تھی ۔
ٹرمپ پہلے امریکی صدر ہیں جنہیں فوجداری الزامات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ یہ الزامات چاہے عہدے پر رہتے ہوئے یا عہدہ چھوڑنے کے بعد لگائے گئے ہوں دونوں صورتوں میں وہ ان الزامات کا سامنا کرنے والے پہلے امریکی صدر ہیں۔