نئی دہلی// راجیہ سبھا میں حکمراں پارٹی اور اپوزیشن کے درمیان تعطل بدھ کے روز بھی جاری رہا اورایوان کی کارروائی دن بھر کے لئے ملتوی کردی گئی۔
لنچ کے وقفے کے بعد ایوان کی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے ایوان میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے کے آرڈرکے سوال پراپنا فیصلہ سنایا۔ اس دوران فریقین ایک دوسرے پر الزامات لگاتے ہوئے نعرے بازی کرتے رہے ۔ مسٹر کھڑگے نے اڈانی گروپ کی کمپنیوں کا معاملہ اٹھاتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ قائد ایوان پیوش گوئل نے بیرون ملک ہندوستانی جمہوریت اور متعلقہ اداروں کی توہین کا معاملہ اٹھایا اور کہا کہ اپوزیشن کو اس پر معافی مانگنی چاہئے ۔ اس پر ایوان میں ہنگامہ ہونے لگا اور مسٹر دھنکھڑ نے ایوان کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔
قبل ازیں اڈانی گروپ کے خلاف الزامات کی تحقیقات کے لیے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے اپوزیشن نے ایوان میں ہنگامہ کیا جس کی وجہ سے کارروائی دو بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔