سرینگر/17 فروری
ڈویڑنل کمشنر کشمیر وجے کمار بیدھوری نے جمعہ کو کہا کہ انتظامیہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی ہدایت کے مطابق مسماری مہم کے دوران غریب لوگوں کو ہاتھ نہیں لگائے گی۔
یہاں سرینگر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایل جی انتظامیہ نے پہلے ہی یقین دہانی کرائی ہے کہ مسماری مہم کے دوران غریب لوگوں کو ہاتھ تک نہیں لگایا جائے گا جبکہ بااثر لوگوں کو بخشا نہیں جائے گا۔
بیدھوری نے کہا”ریاست اور قبضہ شدہ اراضی کی حفاظت کرنا ہمارا بنیادی کام ہے لہذا ہمیں اسے ہر قیمت پر کرنا ہے“۔ انہوں نے مزید کہا کہ زمین کو مقامی لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
آن لائن اراضی کے ریکارڈ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ لوگ بار بار تحصیل دفاتر میں جانے کے بجائے آن لائن سروس سے استفادہ کریں۔
بیدھوری نے مزید کہا کہ کشمیر میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاکہ ہمارے نوجوانوں کو منشیات سے بچایا جا سکے۔